پاکستان کی کرکٹ ٹیم اور کرکٹ آسٹریلیا الیون نے جمعرات کو تین روزہ پریکٹس میچ سے قبل بدھ کو پاکستان میں فضائی حادثے میں جان سے جانے والوں کی خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
بدھ کی شام چترال سے اسلام آباد جانے والا مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس پر سوار تمام 47 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
پاکستان کی ٹیم ان دنون آسٹریلیا کے دورے پر ہے جہاں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر کو برسبین میں شروع ہو رہا ہے۔
سیریز سے قبل واحد پریکٹس میچ کا آغاز کینز میں ہوا جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ یہ ڈے اینڈ نائیٹ میچ ہے۔
پاکستانی اسپنر یاسر شاہ اس میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں کیونکہ ان کی رواں ہفتے ہی پریکٹس کے دوران ان کی کمر میں تکلیف ہو گئی تھی جس پر ڈاکٹروں نے انھیں دو روز آرام کا مشورہ دیا تھا۔
توقع ہے کہ یاسر شاہ سیریز شروع ہونے سے پہلے فٹ ہو جائیں گے کے تاہم ٹیم انتظامیہ نے حفظ ماتقدم کے طور پر ان کے متبال کا بندوبست بھی کر لیا ہے اور پاکستان سے اسپنر محمد اصغر کو طلب کر لیا گیا ہے۔
دورہ آسٹریلیا میں تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے۔