بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا کلین سویپ

بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا کلین سویپ

بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا کلین سویپ

بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے 58 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز 0-3سے جیت لی ہے۔

منگل کو چٹاگانگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 178 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواباً میزبان ٹیم کے تمام کھلاڑی صرف 119 کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہوگئے۔

پاکستان نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدا ہی سے اس کے بلے باز جم کر نہ کھیل سکے۔ پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر ابتدائی بلے باز محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ ان کے علاوہ شعیب ملک اور عمر گل بھی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔

عمر اکمل 57 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جب کہ کپتان مصباح الحق نے 47 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 1ء46 اوورز میں 177 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے عبدالرزاق اور محموداللہ نے تین، تین اور الیاس سنی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش نے 178 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلی ہی گیند پر اوپنر تمیم اقبال آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم شہریار نفیس اور محموداللہ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 68 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔

تاہم 20 ویں اوور میں شہریار کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کا کوئی بھی بلے باز پاکستانی اسپنرز کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹہر سکا اور پوری میزبان ٹیم 38 اوورز میں 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

محموداللہ 35 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔مہمان ٹیم کی طرف سے شعیب ملک نے 6 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد حفیظ نے بھی تین اور عبدالرحمن اور سعید اجمل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرنے والے شعیب ملک کا یہ 200 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ تھا۔

عمر اکمل کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے اس سے قبل دورے کے واحد ٹی20 میں بھی بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ میچوں میں یہ 28ویں فتح تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 29 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے بنگلہ دیش صرف ایک میچ جیت سکا ہے۔

دورے کے دوران دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلیں گی۔ پہلا ٹیسٹ 9 دسمبر سے 13 دسمبر تک چٹا گانگ جب کہ دوسرا 17 دسمبر سے 21 دسمبر تک میرپور، ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔

منگل کو چٹاگانگ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ابتدا ہی سے اس کے بلے باز جم کر نہ کھیل سکے۔ پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر ابتدائی بلے باز محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ ان کے علاوہ شعیب ملک اور عمر گل بھی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔