بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کے 323 رنز پر تین آؤٹ

یونس خان (فائل فوٹو)

یونس خان 148 رنز بنا کر محمد شاہد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پہلے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو اظہر علی 127 اور کپتان مصباح الحق نو کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے۔

بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 323 رنز بنائے ہیں۔

بدھ کو ڈھاکا میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جسے جلد ہی نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنے کریئر کی پہلی ڈبل سینچری اسکور کرنے والے ابتدائی بلے باز محمد حفیظ صرف آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سمیع اسلم بھی صرف 19 رنز بنا سکے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد پاکستانی بلے بازوں اظہر علی اور محمد یونس نے محتاط رویہ اپناتے ہوئے کھیل کو آگے بڑھایا اور اپنی، اپنی سینچریاں اسکور کیں۔

یونس خان 148 رنز بنا کر محمد شاہد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پہلے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو اظہر علی 127 اور کپتان مصباح الحق نو کے انفرادی اسکور پر کھیل رہے تھے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے پہلے روز محمد شاہد نے دو اور تاج الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے ایک، ایک تبدیلی کی ہے۔ پاکستان نے ذوالفقار بابر کی جگہ عمران خان اور بنگلہ دیش نے روبیل حسین کی جگہ شہادت حسین کو ٹیم میں شامل کیا۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بغیر ہار جیت کے فیصلے کے ختم ہو گیا تھا۔

اس دورے میں بنگلہ دیش نے تین ایک روزہ میچوں اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔