پاکستان اور انگلینڈ نے متحدہ عرب امارات میں جاری سیریز میں ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان منگل کو کیا ہے۔
مصباح الحق بدستور پاکستانی ٹیم کے کپتان رہیں گے۔ شاہد آفریدی اور حماد اعظم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے یونس خان کی جگہ اویس ضیا پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ 2009ء میں ٹی ٹوئنٹی کا عالمی کپ جیتنے کے بعد یونس خان نے کرکٹ کے اس شعبے سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
ایک روزہ میچوں کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ مصباح الحق، یونس خان، شاہد آفریدی، محمد حفیظ، عمران فرحت، اسد شفیق، عدنان اکمل، عمر گل، جنید خان، اعزاز چیمہ، سعید اجمل، عبدالرحمن، وہاب ریاض، اظہر علی اور حماد اعظم۔
ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان ٹیم میں یونس خان اور اظہر علی شامل نہیں ہیں۔ اویس ضیا اس میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
انگلینڈ کی طرف سے اعلان کردہ ٹیم میں الیسٹر کک ایک روزہ میچوں کی قیادت کریں گے جب کہ اسٹورٹ براڈ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
جوس بٹلر اور ڈینی بریکس اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں جب کہ این بیل کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
چار ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 13 فروری کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔