بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے چیئرمین راجیو شکلا نےکہا ہے کہ پاکستان کی ’سیالکوٹ اسٹالنز‘ اس سال کھیلی جانے والی چیمپیئنز لیگ کرکٹ مقابلوں میں حصہ لے گی۔
’جیو‘ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ پیرکوچیمپیئنز لیگ کےانتظامی بورڈ کے اجلاس میں اس ’’فیصلے پر باضابطہ مہر ثبت‘‘ کی جائے گی۔
آئی پی ایل کے سربراہ نے بتایا کہ اجلاس میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ بھی شرکت کریں گے۔
اس سال چیمپیئنز لیگ کے مقابلوں کا انعقاد بھارت میں ہوگا اورپہلی مرتبہ پاکستان میں مقامی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو اس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
چیمپییئنز لیگ ٹورنامنٹ کا آغاز 2009 میں ہوا تھا اور گزشتہ سال اس کی فاتح ٹیم ممبئی انڈینز تھی۔
اس سلسلے کے اب تک تین ٹورنامنٹ کھیلے جا چکے ہیں جن میں بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز میں ملکی مقابلوں کی فاتح ٹیموں نے شرکت کی ہے۔
چیمپیئنز لیگ کا آغاز 2008 میں ہونا تھا لیکن ممبئی میں دہشت گرد حملوں میں 166 ہلاکتوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے سیاسی تعلقات کشیدہ ہوگئے اس لیے ٹورنامنٹ ملتوی کردیا گیا۔
دوطرفہ تعلقات میں کشیدگی کے باعث گزشتہ چار سال کے دوران آئی پی ایل کے میچ کھیلنے کے لیے پاکستان کے کھلاڑیوں کو مدعو نہیں کیا گیا ۔
شکلا کا کہنا تھا کہ یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ سیالکوٹ اسٹالینز کی چیمپیئنز لیگ میں شرکت سے آئندہ سال آئی پی ایل کے مقابلوں میں پاکستان کے کھلاڑیوں کی شرکت کی راہ ہموارہوگی۔
’’اس سال کی آئی پی ایل گزشتہ روز اختتام پذیر ہوئی اور اگلے سال ٹورنامنٹ میں ابھی بہت وقت باقی ہے لہذا ہمیں انتظار کرنا ہوگا۔‘‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف بھی چنائی میں اتوار کو آئی پی ایل کا فائنل میچ دیکھنے گئے تھے جس میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے دفاعی چمپیئن چنائی سپر کنگز کو شکست دے دی۔
پی سی بی کے سربراہ نے بھارت راونگی سے قبل کہا تھا کہ وہ اپنے دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سیریز کی بحالی کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے تعلقات ممبئی حملوں کے بعد سے معطل ہیں۔