پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا لیے ہیں۔
جمعرات کو دبئی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی بلے بازوں نے اننگز کا پراعتماد آغاز تو کیا لیکن یہ دیرپا ثابت نہ ہو سکا۔
ابتدائی بلے باز محمد حفیظ 19 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 51 رنز تھا۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار ڈبل سینچری بنانے والے شعیب ملک اس اننگز میں صرف دو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ابتدائی بلے باز شان مسعود قدرے جارحانہ موڈ میں دکھائی دیے لیکن وہ بھی 54 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انھوں نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یونس خان تھے جنہوں نے 56 رنز اسکور کیے۔
کپتان مصباح الحق نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ یہ ان کے ٹیسٹ کریئر کی نویں سینچری ہے۔
ان کے ساتھ کریز پر موجود اسد شفیق نے 46 رنز بنا رکھے ہیں۔
انگلینڈ کی طرف سے اینڈرسن، معین علی، ووڈ اور اسٹوکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں اسپنر یاسر شاہ کی واپسی ہوئی ہے جو کمر میں تکلیف کے باعث پہلا میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ ان کی شمولیت سے راحت علی اس میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔
بلے باز اظہر علی پہلا میچ ان فٹ ہونے کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے جس کے بعد انھیں اپنی ساس کے انتقال کے بعد واپس پاکستان جانا پڑا۔ لیکن دوسرے میچ کے لیے بروقت ویزہ نہ مل سکنے کی وجہ سے وہ اس میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا۔