دورہ جنوبی افریقہ میں صلاحیتوں کا صحیح امتحان ہوگا: مصباح

کپتان مصباح الحق اور اسپنر سعید اجمل (فائل فوٹو)

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم کے خلاف اس کے اپنے میدانوں میں کھیلے جانے والے میچوں میں میزبان ٹیم کو بہت سے فوائد تو حاصل ہوتے ہیں لیکن ساتھ ہی اس پر دباؤ بھی زیادہ ہوتا ہے۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ دنیا کی اول نمبر کی ٹیم ہے اور اس کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا صحیح معنوں میں امتحان ہوگا۔

یہ بات انھوں نے اتوار کو دورہ جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہونے سے قبل لاہور کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف پاکستانی ٹیم کو ہرشعبے میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

’’جب آپ نمبر ون ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہیں تو ہر شعبے میں بیٹنگ، فاسٹ اور اسپن باؤلنگ اور بیٹنگ میں اچھی کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔ اچھے ٹوٹلز کریں گے تو میرا خیال ہے کہ مقابلہ اچھا رہے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم کے خلاف اس کے اپنے میدانوں میں کھیلے جانے والے میچوں میں میزبان ٹیم کو بہت سے فوائد تو حاصل ہوتے ہیں لیکن ساتھ ہی اس پر دباؤ بھی زیادہ ہوتا ہے۔

’’کرکٹ میں اُس دن کون اچھی پرفارمنس دیتا ہے اور اس میچ میں کون اچھا پرفارم کرتا ہے یہ سب سے اہم بات ہوتی ہے اچھا پرفارم کرنے کے ہمارے پاس بھی چانسز ہیں۔‘‘

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف حالیہ کامیاب سیریز اور اس سے قبل بھی حالیہ برسوں میں ٹیم کی کارکردگی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور بہت سے کھلاڑی انفرادی طور پر بہترین کارکردگی دکھا رہے جب کہ ٹیم مجموعی طور پر بھی اچھا پرفارم کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز شروع ہونے سے 10 دن قبل میزبان ملک میں جا کر انھیں وہاں کے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا جو کہ سیریز میں سود مند ثابت ہو گا۔

’’سیریز سے پہلے جو وہاں وقت مل رہا ہے تو دیکھیں گے کہ وہاں کس طرح تیاری ہو سکتی ہے کنڈیشنز کو کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔۔۔ٹیسٹ میچ سے پہلے ہم تیاری کے صحیح معیار پر پہنچ جائیں گے۔‘‘

پاکستان کی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم فروری کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔