سری لنکا نے پاکستان کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیاہے۔
18 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس سیریز کے میچز متحدہ عرب امارات کے شہروں ابوظہبی، دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔
سری لنکن کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین دلیپ مینڈس نے بدھ کو اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 16 رکنی اسکواڈ میں آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے منگل کو ڈرا ہونے والے آخری میچ میں شامل تمام 11 کھلاڑی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کیے جانے والے تجربہ کار مڈل آرڈر بلے باز تھیلان سماراویرا کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے بھی باہر رکھا گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان اوپنر لاہیرو تھری مان کو اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔
کمر درد کا شکار اسپنر اجنتھا مینڈس بھی ٹیم میں شامل نہیں۔ تلکا رتنے دلشان بدستور ٹیم کے کپتان رہیں گے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آل رائونڈر اینجلو میتھیوز کو پہلی بار نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
تاہم سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بائیں گھٹنے کی تکلیف سے صحت یاب ہونے والے میتھیوز اس سیریز میں صرف بلے بازی کریں گے اور "ان سے سیریز کے دوران بالنگ کرائے جانے کا رسک نہیں لیا جائے گا"۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تکمیل کے بعد دونوں ٹیمیں پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور ایک ٹی20 میچ بھی کھیلیں گی جن کےلیے سری لنکن اسکواڈ کا اعلان ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر کیا جائے گا۔
سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں: تلکا رتنے دلشان (کپتان)، اینجلو میتھیوز (نائب کپتان)، تھرنگا پرانا ویتانا، لاہیرو تھری مان، کمار سنگاکارا، مہیلا جیا وردھنے، پراسانا جیا وردھنے (وکٹ کیپر)، دنیش چندی مل، رنگانا ہراتھ، سورج رندیو، چھناکا ویلا گڈارا، سرنگا لک مال، شمیندا ارنگا، دمیکا پراساد، نوان پردیپ اور کوشال سلوا۔