انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی حالیہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے میزبان گرائونڈ 'گال' کی پِچ کو ناقص قرار دیتے ہوئے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو باقاعدہ وارننگ جاری کردی ہے۔
اس معاملہ پر سری لنکا بورڈ کو بھاری جرمانے اور ضابطے کی دیگر کاروائیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا تاہم 'آئی سی سی' کی انکوائری کمیٹی نے رعایت برتتے ہوئے میزبان بورڈ کو صرف وارننگ جاری کرنے پر اکتفا کیا ہے۔
واضح رہے کہ 'گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم' میں 31 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جانے والا تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا نے 125 رنز سے جیت لیا تھا۔ چار روزہ میچ کے دوران کل 5ء289 اوورز کرائے گئے تھے جن کے دوران 40 وکٹوں کے نقصان پر کل 841 رنز اسکور ہوئے تھے۔
گرائونڈ کی پِچ انتہائی گرد آلود تھی جس کے باعث دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میچ کے دوران خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے بھی پچ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد میچ ریفری کرس براڈ نے آئی سی سی کو بھجوائی گئی اپنی رپورٹ میں پچ کو 'خراب' قرار دیتے ہوئے اس پر اپنی تشویش ظاہر کی تھی۔
میچ ریفری کی جانب سے پِچ کو خراب قرار دیے جانے کے بعد آئی سی سی نے مذکورہ معاملہ کی جانچ کے لیے اپنے جنرل منیجر کرکٹ ڈیوڈ رچرڈسن اور چیف میچ ریفری رنجن مدوگل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے میزبان بورڈ 'سری لنکا کرکٹ' سے 14 روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کرلی تھی۔
ڈیوڈ رچرڈسن کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چوں کہ 'گال کرکٹ گرائونڈ' کی پچ پہلی بار خراب پائی گئی ہے اور گرائونڈ اسٹاف نے پچ کو بالنگ اور بیٹنگ دونوں کے لیے سازگار بنانے کی کوششیں نیک نیتی سے کی تھیں، لہذا 'سری لنکا کرکٹ' کو صرف وارننگ دینے پر اکتفا کیا جارہا ہے۔
آئی سی سی نے اپنے پچ کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن کو ہدایت کی ہے کہ وہ رواں ماہ کے اختتام پر 'گال اسٹیڈیم' کا دورہ کرکے پچ کی بہتری کے لیے اقدامات تجویز کریں۔
گرائونڈ پر اگلے بین الاقوامی میچ کے انعقاد سے قبل 'سری لنکا کرکٹ' کو تجویز کیے گئے اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے آئی سی سی کو رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔