ڈھاکہ میں جاری ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں میزبان بنگلہ دیش سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے جب کہ دفاعی چیمپئن بھارت ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
فائنل میں بنگلہ دیش کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا جو پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ آج کے میچ میں میزبان ٹیم کی شکست کی صورت میں ٹورنامنٹ کا فائنل روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوتا لیکن بنگلہ دیش کی فتح کے نتیجے میں عالمی اور دفاعی چیمپئن ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ نہیں بنا پایا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 233 رن بنائے تھے۔ لیکن سری لنکا کی اننگ کے اختتام پر ہونے والی بارش کے باعث میچ لگ بھگ دو گھنٹوں تک رکا رہا جس کے بعد 'ڈک ورتھ-لوئس' قانون کے تحت میچ کو 40 اوور تک محدود کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 212 رن کا ہدف دیا گیا۔
میزبان ٹیم نے مقررہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 38 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال 59 رن بنا کر ٹاپ اسکورر رہےجب کہ شکیب الحسن نے 56 رن بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے کلا سیکارا اور سینا نایاک نے 2، 2 اور لکمل نے 1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
سری لنکا کی طرف سے کاپوگدیرا 62 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ تھری مان اور تھرنگا نے 48، 48 رن بنائے۔ کوئی اور سری لنکن بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔
بنگلہ دیش کے ناظم الحسین نے 3، عبدالرزاق اور شکیب الحسن نے 2، 2 جب کہ مشراف، مرتضیٰ اور شہادت حسین نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 21 رن سے شکست دی تھی۔ اب دونوں ٹیمیں فائنل میں مدِ مقابل ہوں گی۔
سری لنکا اس ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں جیت سکا۔