سری لنکا نے افغانستان کو چار وکٹوں سے شکست دے کر کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی پہلی فتح حاصل کر لی ہے۔
اتوار کو ڈیونیڈن میں سری لنکا نے ٹاس جیت پر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا جیسی تجربہ کار ٹیم کے مقابلے میں پہلی بار کرکٹ کے میگا ایونٹ میں شامل ہونے والی افغان ٹیم نے نسبتاً اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اصغر استنکزئی نے 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔
سری لنکا کی طرف سے مالنگا اور میتھیوز نے تین، تین، لاکمال نے دو جب کہ پریرا اور ہیراتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے باز ابتدا میں بری طرح ناکام نظر آئے اور تھریمانے پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
دلشان بھی کوئی رن نہ بنا سکے جب کہ سنگاکارا صرف سات رنز بنا سکے۔
افغان بالروں نے صرف 51 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کے چار اہم بلے بازوں کو زیر کر دیا تھا۔
لیکن پھر جے وردنے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سینچری اسکور کی اور اپنی ٹیم کے لیے فتح کو آسان بنا دیا۔ دوسرے نمایاں بلے باز پریرا تھے جنہوں نے 47 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا نے 48.2 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
افغانستان کی طرف سے حامد حسن نے تین، دولت زدران اور شاپور زدران نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جے وردنے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سری لنکا کو اپنے پہلے پول میچ میں نیوزی لینڈ جب کہ افغانستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست اٹھانا پڑی تھی۔