کرائمیا کےتاتاری، ہمیں خدشات لاحق ہیں: زمیلیف

مظاہرین تاتاری خواتین

تاتاریوں کو سویت مطلق العنان، جوزف اسٹالن نے 1944ء میں یک جنبش قلم جلا وطن کیا تھا، اس الزام پر کہ وہ نازی جرمنی سے ملے ہوئے ہیں
کرائمیا کے تاتاریوں کے ایک سردار اِس ہفتے امریکہ کے دورے پر تھے، جہاں اُنھوں نے روس کی طرف سے بحیرہ اسود میں واقع جزیرے کے الحاق کے بعد کرائمیا کے بارے میں عمومی طور پر اور اپنے لوگوں کے مسائل سے پُر مستقبل کے بارے میں خصوصی طور پر تشویش کا اظہار کیا۔

مصطفیٰ زمیلیف یوکرین کے پارلیمان کے ایک رکن ہیں، جو اس سے قبل اُس مجلس کے سابقہ سربراہ ہیں جو کرائمیا کے تاتاریوں کا قانون ساز ادارہ ہے۔

اُنھوں نے جمعرات کے دِن واشنگٹن میں ’وائس آف امریکہ ‘کی یوکرینی سروس کو بتایا کہ اصل مسئلہ جس سے آج کرائمیا کے تاتاریوں کو سابقہ ہے وہ جزیرے میں روسی فوجیوں کی موجودگی اور یوکرین کے اتحاد کو لاحق خطرات کا معاملہ ہے۔

سولہویں صدی کی یادگار کے سامنے خاتون ٹافیاں بیچتے ہوئے


اِس سے قبل اِسی ہفتے، زمیلیف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی نشست سے غیر رسمی خطاب میں کیا۔ وہ انسانی حقوق کے معروف علمبردار ہیں، جنھیں سویت دور میں چھ بار قید کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں تھیٕں۔

اُنھوں نے اس خوف کا اظہار کیا کہ روسی حکمرانی میں تاتاریوں کو تشدد کا ہدف بنایا جا سکتا ہے، اور بتایا کہ وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ کرائمیا میں بین الاقوامی امن کار تعینات کیے جائیں۔

یوکرین میں تاتاریوں کے مقبرے

لتھوانیہ سے تعلق رکھنےوالے وفد نے سلامتی کونسل کی غیر رسمی نشست منعقد کرائی تھی، جس کا روس نے بائکاٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ’متعصبانہ پروپیگنڈہ ہے‘۔

کرائمیا کے تاتاریوں کو سویت مطلق العنان، جوزف اسٹالن نے 1944ء میں یک جنبش قلم جلا وطن کیا تھا، اس الزام پر کہ وہ نازی جرمنی سے ملے ہوئے ہیں۔ وہ 1991ء میں جزیرے میں واقع اپنے تاریخی آبائی وطن واپس آنا شروع ہوئے۔ آج کرائمیا میں اُن کی تعداد تقریباً 20 لاکھ ہے، جس کی مجموعی آبادی کا 12 فی صد بنتا ہے۔

ماسکو کے مطابق، 16 مارچ کو روس کی طرف سے کرائمیا کے بارے میں کرائے گئے ریفرینڈم میں روس کے ساتھ الحاق کے حق میں 96 فی صد افراد نے ووٹ دیا؛ جب کہ ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد 83 فی صد تھی۔ زمیلیف نے اس بات پر زور دیا کہ ووٹ دینے والوں کی شرح محض 32 تھی اور یہ کہ اجتماعی طور پر کرائمیا کے تاتاریوں نے ریفرینڈم کا بائکاٹ کیا۔

زیمیلف نے جمعرات کے روز ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ کرائمیا کے تاتاری اس بات پر قائم ہیں کہ وہ یوکرین کے اندر ایک خودمختار علاقے کا حصہ ہیں۔