دسویں عالمی کپ کے گروپ بی میں شامل ویسٹ انڈیز نے پیر کو نیدرلینڈ کے خلاف مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے ہیں۔ ابتدائی بلے باز اسمتھ 53 اور گیل 80رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے قابل ذکر بلے باز پولارڈ تھے جنہوں نے 60 رنز بنائے۔
نیدرلینڈ کی طرف سے سیلار نے تین،مدثر بخاری نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
دہلی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نیدرلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
نیدرلینڈ نے اب سے کچھ دیر قبل 23 اوورز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر74 رنز بنائے ہیں۔
اس سے قبل ہونے والے میچوں میں ویسٹ انڈیز کو جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈ کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوچکی ہے۔ لیکن نیدر لینڈ نے غیر متوقع طور پر انگلینڈ کے خلاف سخت مزاحمت کی تھی۔
نیدرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے جب کہ ویسٹ انڈیز نے اپنے زخمی کھلاڑی براوو کی جگہ نیکیٹا ملر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔