واشنگٹن کی ایک معروف 'ممی' بلاگر

Your browser doesn’t support HTML5

ان کی ویب سائٹس پر والدین نئی جگہوں، فیشن، سیر وتفریح، نت نئے کھانوں اور بچوں کی تربیت کے بارے میں دلچسپ مضامین پڑھ سکتے ہیں۔

جیسیکا میک فیڈن تین کم عمر بچوں کی انتہائی مصروف ماں اور ایک کامیاب اور مشہور 'ممی بلا گر' ہیں۔جیسیکا واشنگٹن ڈی سی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں بسنے والے والدین کی دلچسپی کے موضوعات اور علاقے کی تفریحی سر گرمیوں پر بلاگ لکھتی ہیں۔

'وائس آف امریکہ' کے ساتھ ایک انٹرویو میں جیسیکا نے بتایا کہ انہوں نے 2008ء میں اس وقت بلاگ لکھنا شروع کیا تھا جب ان کے بچے چھوٹے تھے۔ انہوں نے جب یہ جاننے کی کوشش کی کہ ان کے کھیل کود ،تفریح اور دیگر سر گرمیوں کے لیے کیسے مواقع موجود ہیں تو آن لائن ایسی کوئی معلومات دستیاب نہیں تھیں جو انہیں چاہیے تھیں ۔ انہوں نے ضرورت محسوس کی کہ ایک ایسی ویب سائٹ شروع کی جائے جو ان کی کمیونٹی کی خواتین، ان کی سہیلیوں اور دیگر ماؤں کے لیے کار آمد ثابت ہو۔ لہذا انہوں نےبلاگ لکھنا شروع کیا۔

جیسیکا A Parent In America اور A Parent in Silver Spring کے ناموں سے ویب سائٹس چلاتی ہیں اور ایک فری لانس رائٹر بھی ہیں۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پڑھنے والوں کے لیے طنزو مزاح سے بھر پور بلاگز لکھیں۔ ان کی ویب سائٹس پر والدین نئی جگہوں، فیشن، سیر وتفریح، نت نئے کھانوں اور بچوں کی تربیت کے بارے میں دلچسپ مضامین پڑھ سکتے ہیں۔

جیسیکا کہتی ہیں کہ ان کے تمام بلا گز میں بچوں کی تربیت کا موضوع بے حد مقبول ہے۔ اس بلاگ میں مختلف عمروں کے بچوں سے متعلق معلومات اور سر گرمیوں کا ذکر ہوتا ہے ۔اس کے علاوہ سیرو تفریح کا موضوع بھی بہت پسند کیا جاتا ہے جس میں بچوں کی دلچسپی کے مقامات سے متعلق معلومات ہوتی ہیں۔

ان کے بلاگز صرف مقامی کمیونٹی میں ہی نہیں بلکہ انٹرنیٹ پر بھی بے حد مقبول ہیں اور اب تو جیسیکا کے لیے آمدن کا ذریعہ بھی بن گئے ہیں۔ بہت سی کمپنیاں ان کی ویب سائٹس پر اپنے اشتہار دینے لگی ہیں اور کچھ تو جیسیکا کواپنی پراڈکٹس کے بارے میں مضامین لکھنے اور وڈیو بنانے کا معاوضہ بھی دے رہی ہیں۔

جیسیکا کے بلا گز کی مقبولیت کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ان میں مصروف ماؤں کو اپنی زندگی کی جھلک نظر آتی ہے۔ بیشتر ماؤں کی طرح جیسیکا بھی گھر کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ بچوں کی دیکھ بھال اور ان کی تعلیمی اور غیر نصابی سر گرمیوں میں بھر پو ر حصہ لیتی ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ وہ اپنے ان تجربات کو بلاگ کی شکل میں دوسرے والدین کے ساتھ شیئر بھی کرتی ہیں تاکہ ان کے تجربات سے دیگر مائیں بھی فائدہ اٹھا سکیں۔

جیسیکا کہتی ہیں کہ یہ دیکھ کر انہیں بہت حیرت ہوتی ہے کہ وہ بہت مقبول ہیں ۔ لوگ انہیں پڑھتے ہیں ۔ لوگ تبصرہ کرتے ہیں اور اسے اپنے دوست احباب کے ساتھ شیئر کرتے ہیں ۔ وہ ان کے بلاگ پڑھ کر معلومات حاصل کرتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ اسے پڑھ کر ہنسیں یا انہیں کچھ نیا کرنے کو ملے۔ یہ دیکھ کر اچھا محسوس ہو تا ہے کہ لوگ انہیں پسند کرتے ہیں۔

واشنگٹن ڈی سی کے مضافات میں جیسیکا کی طرح ایسی بہت سی مائیں ہیں جو آن لائن پروفیشنل بلا گر ہیں ۔ انٹرنیٹ کی یہی خاصیت ہے کہ آپ آسانی سے گھر بیٹھے فل ٹائم یا پارٹ ٹائم کام کر سکتے ہیں ۔ خاص طور پر جب بچوں کو اور گھر کو آپ کی ضرورت ہو۔

جیسیکا کے مطابق بلا گنگ یا کسی اور آن لائن کیریئر کا ایک فائدہ یہ ہے کہ آپ اپنی خاندانی ضروریات کے مطابق کم یا زیادہ کام کر سکتے ہیں۔جب ان کے بچے چھوٹے تھے تو وہ زیادہ کام نہیں کرتی تھیں لیکن اب وہ زیادہ کام کر سکتی ہیں ۔

آن لائن کام کا یہ فائدہ تو یقیناً خود جیسیکا جیسی خواتین کے گھر اور بچوں کے لیے ہے ۔ دوسرا فائدہ معاشرے کو بھی ہوتا ہے۔ اور وہ ہے خواتین پر مشتمل آبادی کے ایک بڑے حصے کی صلاحیتوں کو استعمال میں لاکر انہیں ضائع ہونے سے بچانا۔