بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی نئی آنے والی فلم 'چھپاک' کی کہانی چوری کئے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایک مقامی مصنف راکیش بھارتی نے ممبئی ہائی کورٹ میں دائر درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فلم جس کہانی پر بنائی گئی ہے وہ ان کی تحریر کردہ ہے۔
راکیش بھارتی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اُنہیں فلم کے مصنف ہونے کا کریڈٹ دلایا جائے۔
مصنف نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے انہوں نے اپنا ایک اسکرپٹ بلیک فرائی ڈے کے نام سے فروری 2015 میں انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی اے) کے پاس رجسٹرڈ کرایا تھا۔
راکیش کا کہنا ہے کہ وہ 2015 سے ہی اسکرپٹ پر کام کرتے رہے ہیں اور کئی فنکاروں اور پروڈیوسرز سے رابطے بھی کیے لیکن یہ منصوبہ ناگزیر حالات کی وجہ سے شروع نہیں ہو سکا۔
SEE ALSO: دپیکا تیزاب سے جھلسے چہرے والی لڑکی کے روپ میںدرخواست گزار کا دعویٰ ہے کہ اس نے فلم 'چھپاک' بنانے والے پروڈکشن ہاؤس 'فاکس اسٹار اسٹوڈیو' کو بھی اپنی کہانی سنائی تھی۔
راکیش بھارتی کے وکیل اشوک سروگی کا کہنا ہے کہ مدعی کو بعد میں معلوم ہوا کہ فاکس اسٹار اسٹوڈیو ایک فلم تیار کر رہی اور اسے میگنا گلزار ڈائریکٹ کر رہی ہیں۔
راکیش بھارتی کے وکیل کے مطابق راکیش نے پروڈیوسرز کو اپنے اعتراضات سے آگاہ کیا تھا اور انہیں کریڈیٹ دیے جانے کی بات بھی کی گئی تھی مگر بات آگے نہ بڑھ سکی۔
راکیش نے عدالت سے یہ معاملہ حل ہونے تک فلم کو ریلیز نہ کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے فلم اور ان کی کہانی کے موازنے کے لیے ایک ماہر مقرر کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے 27 دسمبر کو اسے سماعت کے لیے مقرر کر دیا جب کہ فلم آئندہ برس 10 جنوری کو ریلیز ہوگی۔
فلم 'چھپاک' کی کہانی
فلم 'چھپاک' تیزاب گردی کا شکار ایک بھارتی شہری لکشمی اگروال کی حقیقی زندگی میں پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے۔
لکشی اگروال پر 2005ء میں تیزاب پھینکا گیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر صرف 15سال تھی۔ ان پر تیزاب پھینکنے والا شخص ان کا ایک واقف کار تھا جس کی عمر 32 سال تھی۔
وہ لکشمی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن لکشمی اس رشتے پر راضی نہیں ہوئی اور شادی سے انکار کر دیا جس کے نتیجے میں لکشمی پر تیزاب پھینک کر اس کا چہرہ جھلسا دیا گیا۔
دیپیکا پڈکون نے فلم میں تیزاب سے جھلسی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ ان کی پہلی ہوم پروڈکشن بھی ہے۔
جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں دپیکا کے علاوہ وکرانت میسی، مدھوجیت سرگی، انکت اور دلزاد ہیوالے شامل ہیں۔ فلم کے موسیقار شنکر احسان لائے ہیں جب کہ پروڈکشن مینیجمنٹ میں سمیر بھٹ اور ظہور قادر کے نام شامل ہیں۔