بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈکون نے 2019 کی بااثر بھارتی شخصیات کی فہرست میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 'فوربس انڈیا سیلیبرٹی' کی مرتب کردہ 100 افراد کی لسٹ میں وہ سرِ فہرست ہیں۔
فلمی پردے پر نہایت بااثر اور طاقت ور سمجھی جانے والی دپیکا ایسی اداکارہ ہیں جو تاریخی شخصیات کے کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ جیسے فلم 'پدماوت' میں مہارانی پدماوتی اور 'باجی راؤ مستانی' میں ان کے کردار یادگار سمجھے جاتے ہیں۔
فلمی کرداروں کے ساتھ ساتھ حقیقی زندگی میں بھی انہیں با اثر تسلیم کیا جاتا ہے۔ ماضی میں وہ بالی وڈ انڈسٹری کی 'سب سے دلکش خاتون' قرار دی جا چکی ہیں جب کہ رواں سال انہیں سب سے با اثر خواتین میں سرِ فہرست قرار دیا گیا ہے۔
دپیکا آنے والی دو فلموں 'چھپاک' اور 'کپل دیو' میں بھی حقیقی زندگی میں موثر کردار ادا کرنے والی خواتین کے کردار نبھا رہی ہیں۔
فلم 'چھپاک' میں ان کا کردار لکشمی اور فلم 'کپل دیو' میں کپل کی بیوی رومی کا ہے۔
'چھپاک' میں وہ تیزاب گردی سے متاثرہ ایک لڑکی مالتی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم 'چھپاک' کی ڈائریکٹر میگنا گلزار ہیں اور جو اگلے سال جنوری میں ریلیز ہو گی۔
وہ سابق کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر بننے والی فلم میں اپنے شوہر رنویر کے مخالف کردار ادا کر رہی ہیں۔ شادی کے بعد رنویر سنگھ اور دپیکا کی ایک ساتھ یہ پہلی فلم ہو گی۔