کراچی ... ترقی پسند طلبہ تنظیم، نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن (این ایس ایف) کے سابق صدر، رشید حسن خان انتقال کرگئے۔
رشید حسن خان 1968 سے 1970ء تک این ایس ایف کے صدر رہے۔ ان کے ساتھی اظہر جمیل کے مطابق، رشید حسن خان کو دو سال قبل دل کا دورہ پڑا تھا اور وہ تبھی سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔
’ایکسپریس ٹری بیون‘ کی ایک خبر کے مطابق، اظہر جمیل کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ انتقال کے وقت وہ سورہے تھے کہ اسی حالت میں موت کا پروانہ آگیا۔
اظہر جمیل نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سابق صدر ایوب خان کے دورہ حکومت میں سنہ 1960سے 1970ء کے دوران، این ایس ایف کی کارکردگی کو سراہا۔
ایوب خان کے فوجی دور حکومت میں رشید حسن خان نے بہت فعال کردار ادا کیا۔ پیشے کے اعتبار سے وہ ڈاکٹر تھے، جبکہ این ایس ایف کی سربراہی کے دوران وہ ایک اچھے مقرر بھی ثابت ہوئے۔
انہوں نے ایوب خان کے دور حکومت میں ہی فیڈریشن کے لئے انتھک محنت کی اور اپنا ایک مقام بنایا۔
سنہ 70 کی دہائی میں، رشید حسن خان کمیونسٹ طلبہ کے رہنما بھی رہے۔ انہوں نے اپنے ساتھی رہنما، معراج محمد خان کے بعد، این ایس ایف کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا شروع کیا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو تشکیل دینے میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ کندھے سے کندھا بھی ملایا۔
اظہر جمیل کے مطابق، رشید حسن خان نے شادی نہیں کی تھی۔ ان کا انتقال ہفتے کو کراچی میں ہوا، جبکہ سوئم اتوار کے روز سوک سینٹر، حسن اسکوائر کے قریب واقع گیلانی مسجد میں بعد از نماز عصر ہوا۔