امریکہ میں کرونا وائرس کی وبا کے دوران، لاکھوں لوگ جو کام پر نہیں جا رہے تھے ،انہوں نے آرام اور وقت گزاری کے لیے کتے پال لیے ، اس لیے کہ ان کے پاس گھر پر ان کی دیکھ بھال کا وقت تھا ۔
چونکہ بہت سی کمپنیاں جو کام کے ہائبرڈ شیڈول پر دوبارہ کھل رہی ہیں، وہ اپنے ملازمین کو گھر اور دفتر دونوں میں کام کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔ اس لیے بہت سے پالتو جانوروں کے مالکان اپنے ساتھی کتوں کو قریب رکھنا چاہتے ہیں اور وہ انہیں کام پر اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔
سیئٹل میں مقیم پالتو جانوروں کی انشورنس فراہم کرنے والی ایک کمپنی ، ٹروپنیئن میں ،جانوروں کے چیف معالج سٹیو وینراچ کا کہنا تھا کہ ہمارے پالتو جانور ہمارے خاندان کی طرح ہیں ، اور یہ سمجھ میں آنے والی بات ہے کہ انہیں کام پر ہمارے ساتھ آنا چاہیے۔
ٹروپنیئن کمپنی میں پارٹنر سپورٹ مینیجر ،ڈیانا کراس کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ واقعی بہت ضروری ہے کہ میں اپنے کتوں کو دفتر میں ساتھ لے جا سکوں۔ میں ان دونوں کو یہاں رکھنا پسند کرتی ہوں تاکہ میں ان کی دیکھ بھال کر سکوں، ان کے ساتھ کھیل سکوں۔
ٹروپنیئن، کچھ دوسری کمپنیوں کی طرح، تمیز دار کتوں کو دفتر میں کام کے دوران اپنے مالکان کے ساتھ رہنے کی اجازت دیتی ہے۔ ٹروپنیئن کرونا وبا سے پہلے بھی ایسا کر رہی تھی۔
بوسٹن کے قریب ایک الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ سافٹ ویئر کمپنی، ایٹنا ہیلتھ میں گلوبل سیکیورٹی اور سروسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر برجر میک گا نے کہا کہ کتے لوگوں کو دفتر کے ماحول سے مانوس ہونے میں مدد کر رہے ہیں۔انہوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پالتو جانور کمپنی کے لیے بھی فائدہ مند ہیں کیونکہ وہ آپس میں رشتہ استوار کرنے میں مدد کرتے ہیں اور جب پالتو جانور وہاں ہوتے ہیں تو لوگ میٹنگز میں زیادہ مشغول ہوتے ہیں۔
ایمزون کے دفاتر میں کارکنوں کے ساتھ 10 ہزار کتے تھی آتے ہیں
دنیا کے سب سے بڑے آن لائن خوردہ فروش ،ایمیزون نے اپنا ’’ کتے ساتھ لانے کا پروگرام‘‘ 25 سال سے زیادہ عرصہ پہلے سیٹل میں واقع اپنے ہیڈکوارٹر سے شروع کیا تھا ۔، گلوبل سروسز کی سینئر مینیجر ایمی نیومیسٹر کے مطابق ، آج تقریباً 10,000 کتے ایمیزون کی 140 سے زیادہ عمارتوں میں رجسٹرڈ ہیں۔
انہوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ دفتر میں پالتو جانور رکھنے سے ’’حوصلہ بڑھتا ہے اور کام میں مصروفیت زیادہ ہوتی ہے اور اپنے بہترین دوست( پالتو کتے) کو کام پر اپنے ساتھ لانے سے ایک جذباتی لگاؤ کا احساس حاصل ہوتا ہے‘‘۔
وہ کہتی ہیں انہیں دیکھ کر کام پر ان کے وہ ساتھی بھی خوشی محسوس کرتے ہیں جن کے پاس پالتو کتا نہیں ہے۔
وینراچ کا کہنا تھا کہ لوگ جب ایک کتے کو ادھر ادھر گھومتے یا اپنی دم سے کھیلتے دیکھتے ہیں تو ان کے چہرے پر بےساختہ ایک مسکراہٹ بکھر جاتی ہے
صحت کے فوائد
مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ پالتو جانور تنہائی کو کم کرنے، اضطراب کو دور کرنے اور بلڈ پریشر کو کم کرکے ذہنی اور جسمانی صحت کو بہتر بنا نے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔
ٹروپینین کمپنی کی منیجر کراس نے وائس آف امریکہ کو بتایا، کہ مجھے اپنے کتوں کے ساتھ سکون ملتا ہے ، خاص طور پر بہت زیادہ فون کالز یا ملاقاتوں کے ساتھ مصروف دن گزراہو، تو ان کتوں کے ساتھ گھومنے پھرنے یا کچھ منٹ کھیل کرنے سے ذہن ہلکا ہو جاتا ہے۔
ایٹنا ہیلتھ کے میک گاؤکا کہنا تھا دفتر میں تناؤ کو کم کرنے اور لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے میں ،یہ جانور ہمارے حقیقی مددگار ہیں۔
ملازمین کا روزگار برقرار رکھنا
دفتر میں کتوں کو لانے کی اجازت سے ملازمین کو وہاں اپنا روزگار جاری رکھنے کی ترغیب ملتی ہے ۔
روور ڈاٹ کام کے ایک حالیہ سروے سے پتہ چلا ہے کہ کتوں کے 75فی صد مالکان نے کہا کہ وہ اس کمپنی کے ساتھ کام کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں جو انہیں اپنے پالتو جانوروں کو اپنے لانے کی اجازت دیتی ہے۔
ایتھنا ہیلتھ اور مک گاؤ دوسری کمپنیوں کی اس بارے میں حوصلہ افزائی کررہی ہیں کہ وہ بھی اپنے کارکنوں کو پالتو کتے کام کی جگہوں پر اپنے ساتھ لانے کی اجازت دینے پر غور کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں اس سے ملازمین کو بھرتی کرنے اور انہیں کام پر برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے اور ملازمین کو بھی اپنے پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کرنے موقع ملتا ہے
وائس آف امریکہ کی ڈیبرا بلاک کی رپورٹ