ںائجیریا میں چار بم دھماکے، 54 افراد ہلاک

فائل

فائل

میدوگوری پولیس کے ایک ترجمان وکٹر ایسوکو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ چاروں دھماکوں میں اب تک 54 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

نائیجریا کے شمال مشرقی شہر میدوگوری میں اتوار کی شب ہونے والے کم از کم چار بم دھماکوں میں 50 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو دھماکے اتوار کو نماز عشاء کے دوران دو مساجد میں ہوئے جہاں لوگ نماز باجماعت میں مصروف تھے۔ جبکہ دو دھماکے میدوگوری کی مارکیٹوں میں ہوئے ۔

میدوگوری پولیس کے ایک ترجمان وکٹر ایسوکو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ چاروں دھماکوں میں اب تک 54 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

نائجیرین فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ شہر میں تین دھماکے ہوئے ہیں۔

تاحال کسی تنظیم نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن اس علاقے میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام اس سے قبل اس نوعیت کے کئی حملے اور بم دھماکے کرچکی ہے۔

میدوگوری نائجیریا کی ریاست بورنو کا دارالحکومت ہے جہاں سے 2009ء میں بوکو حرام کی شدت پسند تحریک کا آغاز ہوا تھا۔

رواں سال صدر محمد بخاری کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بوکو حرام کے شدت پسند میدوگوری کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنا رہے تھے لیکن سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث شہر میں گزشتہ ایک ماہ سے امن تھا۔

صدر بخاری نے اقتدار سنبھالنے کے بعد نائجیریا کی مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت کو تبدیل کرنے کے علاوہ سکیورٹی اداروں اور پالیسیوں میں کئی اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور سکیورٹی اداروں کو شدت پسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا تھا۔

حکومت کی ہدایات کے بعد نائجیریا کی فوج نے گزشتہ ماہ شدت پسندوں کے خلاف بڑی کارروائی کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں شدت پسندوں کو اپنے زیرِ قبضہ بعض علاقوں سے پسپا ہونا پڑا تھا۔

بوکو حرام کی کارروائیوں کےنتیجے میں اب تک ہزاروں افراد مارے جاچکے ہیں جب کہ 21 لاکھ افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ علاقوں کی جانب نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔