برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکر ہفتے کی علی الصبح متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی پہنچ گیا، جسے جولائی میں ایران نے روک لیا تھا۔ یہ بات سمندری جہازوں کی آمد و رفت سے متعلق معلومات رکھنے والی ویب سائٹس اور اخباری نمائندوں نے بتائی ہے۔
’اسٹینو امپیرو‘ کو ڈھائی ماہ قبل بندر عباس پر روک دیا گیا تھا۔
جہاز جمعے کے روز ایرانی بندرگاہ سے روانہ ہوا اور ہفتے کی صبح سویرے دبئی کے ساحل پر پہنچا۔
جہاز کے لنگر انداز ہونے کی خبر متعدد ’شپ ٹریکنگ‘ ویب سائٹس پر شائع ہوئی ہے۔
کمپنی کے سی اِی او، ایرک ہانیل، جو جہاز کا مالک ہے، اس سے قبل میڈیا کو بتایا تھا کہ ٹینکر کا عملہ ’’محفوظ ہے اور بہت خوش ہے‘‘۔ عملے نے بتایا ہے کہ انہیں ایران نے رہا کر دیا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ان کا اپنے اہل خانہ سے ملنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’دس ہفتے تک زیر حراست رہنے کے بعد اب عملہ اپنے اہل خانہ سے مل سکے گا، جس کے لیے ان کی پوری مدد کی جائے گی‘‘۔
ادارے نے عملے کے نام جاری نہیں کیے۔
جہاز کو جانے کی اجازت دینے کے بعد برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک روب نے کہا ہے کہ جہاز رانی کو محفوظ بنانے اور بین الاقوامی قوانین کی سربلندی کے لیے ان کا ملک سمندر پار ساجھے داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔