بالی ووڈ کے نسبتاً کم تعلیم یافتہ فنکار

بالی ووڈ فنکار اسکرینز پر کام کی بدولت ہزاروں سے آگے نکل گئے۔ لیکن، تعلیمی میدان میں ان کی پرفارمنس کم رہی۔ یہ کون سے فنکار ہیں، آئیے اس پر ڈالتے ہیں ایک تفصیلی نظر
ایک عجیب اتفاق ہے کہ دنیا بھر میں اپنی چمک بکھیرنے والے بالی ووڈ فنکاروں میں سے بیشتر کم تعلیم یافتہ ہیں۔ جیسے عامر خان صرف بارہویں پاس ہیں، یعنی وہ گریجویٹ بھی نہیں۔ حالانکہ، فلمی دنیا انہیں اپنے کام کے حوالے سے مسٹر پرفیکٹ تسلیم کرتی ہے۔
ایک بھارتی ویب سائٹ ’بالی گراف‘ نے مختلف مگر بڑے بالی ووڈ فنکاروں کی تعلیم کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق سابق ملکہ حسن ایشوریہ رائے بچن خوبصورتی اور اداکاری و ماڈلنگ کی دنیا میں تو کامیاب رہیں مگر زولوجی میں ڈگری لینے میں ناکام رہیں یہاں تک کہ انہیں کالج چھوڑنا پڑا۔
کپور خاندان سے تعلق رکھنے والی کرشمہ اپنی اداؤں سے شائقین پر تو جادو کرنے میں کامیاب رہیں، مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ تعلیمی میدان میں وہ صرف پرائمری تک ہی پڑھ سکیں اور پھر بالی ووڈ کے میدان میں کود پڑیں۔
کرشمہ کے کزن رنبیر کپور بھی اسکول سے نکلنے کے بعد کالج کا منہ دیکھنے کے بجائے نیویارک میں اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے چلے گئے اور واپس آکر فلموں میں مصروف ہوگئے۔
سلمان خان جو دنیا بھر میں اپنی شہرت رکھتے ہیں وہ تعلیمی میدان میں انٹر سے آگے نہیں بڑھ سکے۔ انہوں نے گوالیار اور ممبئی کے اسکولوں سے تعلیم حاصل کی لیکن فلموں میں اداکاری کے شوق نے انہیں تعلیمی میدان میں پوری طرح دل لگانے کا موقع نہیں دیا۔ اس کا ایک سبب یہ بھی تھا کہ ان کا پس منظر فلم انڈسٹری سے جڑا ہو ا تھا۔ ان کے والد پہلے سے فلمی دنیا میں بے پناہ شہرت رکھتے تھے۔
فلموں میں کھلاڑی کے نام سے شہرت رکھنے والے اکشے کمار بھی زیادہ پڑھے لکھے نہیں ہیں۔ انہوں نے ممبئی کے ڈان باسکو اسکول اور گورونانک خالصہ کالج سے تعلیم حاصل کی۔ لیکن، وہ پڑھائی سے زیادہ کھیل میں دلچسپی رکھتے تھے۔ کالج درمیان میں ہی چھوڑ کر وہ مارشل آرٹس کی تربیت لینے بینکاک چلے گئے۔ اسی آرٹس کی بدولت انہیں فلمی کیرئیر بنانے کا بھرپور موقع ملا۔
ابھیشیک بچن نے دہلی، ممبئی اور سوئٹزرلینڈ کے نامور اسکولز اور کالجز سے تعلیم حاصل کی۔ لیکن، وہ گریجویشن مکمل نہ کرسکے۔ یہ اُن دنوں کی بات ہے جب ان کے والد امیتابھ بچن کی کمپنی اے بی سی ایل کو شدید مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا، یہاں تک کہ ابھیشیک کو اپنی گریجویشن بھی ادھوری ہی چھوڑنا پڑی۔