اسکندریہ حملہ :فلسطینی گروہ پر الزام

اسکندریہ حملہ :فلسطینی گروہ پر الزام

مصر کے وزیر داخلہ حبیب العادلی نے اتوار کو اعلان کیا کہ حکومت کا خیال ہے کہ فلسطینی گروہ آرمی آف اسلام ، جس کے القاعدہ سے بھی روابط ہیں، اس حملے کی ذمہ دار ہے ۔

مصر نے نئے سال کے دن پر اسکندریہ میں ایک گرجا گھر پر حملے کے لئے ایک فلسطینی گروہ کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔

مصر کے وزیر داخلہ حبیب العادلی نے اتوار کو اعلان کیا کہ حکومت کا خیال ہے کہ فلسطینی گروہ آرمی آف اسلام ، جس کے القاعدہ سے بھی روابط ہیں، اس حملے کی ذمہ دار ہے جس میں بیس سے زائد افراد ہلاک اور ایک سو کےقریب زخمی ہو ئے تھے۔

تاہم وزیر داخلہ کے بیان کے فوراً بعد ہی آرمی آف اسلام نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

شمالی شہر اسکندریہ کے گرجا گھر پر جب حملہ ہوا تو سینکڑوں مسیحی عبادت میں مصروف تھے۔ حملے کے بعد مصر کے مسیحیوں نے حکومت کے خلاف کئی مظاہرے کئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کے تحفظ کے لئے کافی اقدامات نہیں کئے۔ مسلمانوں اور کاپٹ مسیحیوں کے درمیان کئی جھڑپیں بھی ہوئیں ۔

فلسطینی عسکریت پسند گروہ حماس یہ کہہ کر حملے کی مذمت کر چکا ہے کہ حملے کے ذمہ دار لوگ مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان ٕٕٕاختلافات کو بھڑکانا چاہتے ہیں۔

نئے سال کے موقع پر ٕمصر میں حملے کے لئے کسی نے بھی ذمہ داری قبول نہیں کی مگر عراق میں القاعدہ مصر کے کاپٹ مسیحیوں پر حملوں پر زور دے چکا ہے۔