مصر میں تخریب کاروں نے قدرتی گیس کی برآمد کے لیے بچھائی گئی پائپ لائن کو دھماکے کا نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد اسرائیل اور اردن کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
عہدے داروں نے بتایا کہ اتوار کو علی الصباح سِنائی کے علاقے میں ہونے والے دھماکے سے پائپ لائن میں آگ لگ گئی، لیکن چند گھنٹوں کے اندر اس پر قابو پا لیا گیا۔
فروری 2011ء میں احتجاجی تحریک کے نتیجے میں حسنی مبارک کا اقتدار ختم ہونے کے بعد ہونے والا اس نوعیت کا یہ 12 واں واقعہ ہے۔
اسرائیل کو گیس برآمد کرنے کا منصوبہ حسنی مبارک کے دور میں طے پایا تھا اور سابق رہنما کے اقتدار کے خاتمے کے بعد اس پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔
اسرائیل میں بجلی کی 40 فیصد پیداوار گیس کے ذریعے کی جاتی ہے اور ملک میں استعمال ہونے والی گیس کی مجموعی مقدار میں مصر سے درآمد کی جانے والی گیس کا حصہ 43 فیصد ہے۔
ادھر اردن میں بجلی کی 80 فیصد پیداوار کے لیے مصر سے درآمد کی جانے والی گیس استعمال ہوتی ہے۔