امریکہ میں عیدالاضحیٰ ہفتے اور اتوار کو منائی گئی۔ اِس موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں نماز عید کے اجتماع ہوئے اور سنت ابراہیمی ادا کی گئی۔
اپنے خطبوں میں، اماموں نے اعلیٰ و ارفع اقدار کی پاسداری، امن، اتحاد و یگانگت کو فروغ دینے کی نشاندہی کی۔
کئی مساجد میں اماموں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مسئلے کا ذکر کیا؛ اور شدت پسندی کے خلاف جدوجہد پر زور دیا، اور واضح کیا کہ اسلام امن و انصاف کا مذہب ہے۔
اطلاعات کے مطابق، اس بار برطانیہ میں تین عیدیں ہوئیں۔ تاہم، بتایا جاتا ہے کہ زیادہ تر مسلمانوں نے اتوار کو عید منائی۔ ادھر، علما نے زور دیا ہے کہ ایک روز عید منانے سے مسلمانوں کی شناخت مضبوط ہوگی۔
ماسکو سے ملنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ روس میں ہفتے کے دِن عیدالاضحیٰ منائی گئی۔
ادھر پاکستان کے علاوہ، بھارت اور بنگلہ دیش میں پیر کو عید قرباں جوش و جذبے سے منائی جائے گی، جہاں اتوار کو تیاریاں عروج پر تھیں۔ ساتھ ہی، مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش لگا رہا۔
ادھر، ملائیشیا، انڈونیشیا، فلسطین و عراق میں اتوار کو عید الاضحیٰ منائی گئی، جس کے بعد قربانی کی گئی۔
سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے زیادہ تر ملکوں میں ہفتے کو عید منائی گئی۔
پاکستان سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق، پشاور کے علاوہ مردان، چارسدہ، ہنگو اور کئی دیگر علاقوں میں اتوار کو عید کا پہلا روز تھا۔ خیبر پختونخواہ سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں بھی عید کا پہلا دن اتوار کو ہی تھا۔
شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے خیبر پختونخواہ کے بندوبستی علاقوں میں عارضی طور پر قیام پذیر بے گھر افراد نے بھی اتوار ہی کو عید الاضحیٰ منائی۔
پڑوسی ملک افغانستان میں ہفتہ کو عید منائی گئی تھی اور پاکستان میں لاکھوں افغان پناہ گزینوں نے بھی اسی روز یہ مذہبی تہوار منایا۔
تاہم، ملک کے دیگر حصوں میں سرکاری طور پر عید پیر کو منائی جائے گی۔