پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر بدھ کو ہوگی

چاند نظر آنے کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کی شام مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت لاہور میں ہوا جبکہ ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز پر منعقد ہوئے

پاکستان میں نئے اسلامی مہینے شوال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے۔ لہذا، بدھ 6 جولائی کو ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی۔

چاند نظر آنے کا فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کی شام مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت لاہور میں ہوا، جبکہ ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز پر منعقد ہوئے۔

اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لیا گیا اور انہیں درست سمجھتے ہوئے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم شوال المکرم 1437 ہجری بدھ 6 جولائی کو ہوگی، اور اسی مناسبت سے، ملک بھر میں بدھ کو ہی عیدالفطر منائی جائے گی۔

اجلاس کو محکمہٴ موسمیات کےچیف میٹرلوجسٹ، محمد ریاض اور دیگر ماہرین کی فنی معاونت بھی حاصل تھی۔

شہادتیں
عیدالفطر کا چاند دیکھے جانے کی شہادتیں جن شہروں، علاقوں یا مقامات سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو موصول ہوئیں ان میں لاہور، لوئر دیر، گوجرانوالہ، ملتان اور دیگر بہت سے علاقے شامل ہیں۔

ماہرین کی پیش گوئی درست ثابت ہوئی
محکمہٴ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ غلام رسول اور دیگر ماہرین نے پیش گوئی کی تھی کہ منگل کو ملک کے مختلف حصوں میں عید کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

پیش گوئی میں کہا گیا تھا کہ شوال کا چاند پیر کو 4 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا۔ 5 جولائی کو لاہور میں سورج 7 بج کر13 منٹ پر غروب ہوگا۔ سورج اور چاند کے غروب ہونے کا درمیانی فرق 39 منٹ ہوگا۔ رویت ہلال کے لئے چاند کی عمر کم ازکم 21 گھنٹے ہونا شرط ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ منگل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 27 گھنٹے 40 منٹ ہوگی۔ لاہور میں چاند 37 اعشاریہ 6 ڈگری پر ہوگا اور مطلع صاف ہونے کی صورت میں چاند آسانی سے نظر آجائے گا۔

پھارت، بنگلہ دیش میں چاند نظر نہیں آیا
پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت اور جنوبی ایشیائی ملک بنگلہ دیش میں چاند نظر نہیں آیا اس لئے وہاں عید جمعرات کو ہوگی، جبکہ جاپان میں بھی عید کل ہی منائی جائے گی۔