بارش کے باعث پاکستان اور سری لنکا کا میچ منسوخ

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ کپ ایونٹ کا گیارہواں میچ جو برسٹل میں کھیلا جانا تھا بارش کے سبب منسوخ کر دیا گیا۔

برسٹل میں آج صبح سے بارش ہو رہی تھی۔ انتظامیہ نے دو مرتبہ مختلف اوقات میں میچ شروع کئے جانے کا اعلان کیا۔ تاہم، بارش نہ رکنے کے سبب میچ بی الآخر منسوخ کر دیا گیا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا۔ لیکن رات آٹھ بجے اسے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 20 اوورز کا کھیل ہونا ضروری تھا۔ لیکن میچ مقررہ وقت تک شروع نہ ہو سکا۔ لہٰذا، قواعد کے مطابق دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

منسوخی کے بعد پاکستان کے تین میچز میں تین پوائنٹس ہو گئے۔ آج کے میچ کی منسوخی سے پہلے اسے ایک میچ میں فتح اور ایک میں شکست ہوچکی تھی۔

پوائنٹ ٹیبل

نیوزی لینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر ہے جب کہ آسٹریلیا کے بھی چار ہی پوائنٹس ہیں۔ دونوں ٹیموں نے دو، دو میچز کھیلے اور دونوں میں کامیابی حاصل کی۔

تیسرے نمبر پر سری لنکا ہے جس کے تین پوائنٹس ہیں۔ چوتھے نمبر پر پاکستان ہے اور اس کے بھی تین پوائنٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کا نمبر پانچواں ہوگیا۔ اس نے بھی ایک میچ جیتنے اور ایک ہارنے کے بعد دو پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ اس کے بعد انگلینڈ کا نمبر ہے اس کے بھی دو پوائنٹس ہیں۔ اس نے ایک میچ جیتا اور ایک ہارا ہے۔

بھارت نے ایک میچ کھیلا اور اس میں فتح حاصل کی۔ اس کا پوائنٹ ٹیبل پر ساتواں نمبر ہے۔ بھارت کے دو پوائٹنس ہیں جبکہ آٹھویں نمبر پر بنگلہ دیش ہے جس نے دو میچ کھیلے ایک جیتا اور ایک ہارا۔ اس کے بھی دو پوائنٹس ہیں۔

نویں پوزیشن جنوبی افریقہ کے پاس ہے جو اب تک اپنے تینوں میچ ہار چکا ہے اس لیے اس کا کوئی پوائنٹ نہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری نمبر افغانستان کا ہے جس نے دو میچ کھیلے اور دونوں ہارے۔ لہٰذا، اس کا بھی ابھی تک کوئی پوائنٹ نہیں۔