جس دن سے ایشوریہ رائے کے ماں بننے کی خبر آئی ہے سٹے بازوں کی چاندی ہوگئی ہے۔ ان کے یہاں لڑکا ہوگا یا لڑکی ، سٹے بازوں نے اس سوال پر 500ارب روپے کا سٹہ لگا لیا ہے۔ بھارت کی ایک معروف میگزین کی "انڈیا ٹوڈے" کے مطابق سٹہ بازار میں لڑکے کی پیدائش پر ایک پر 80 پیسے کا بھاوٴ ہے جبکہ لڑکی ہوئی تو ایک پر 70پیسے کا بھاوٴ چل رہا ہے۔
زیادہ تر لوگوں نے لڑکے کے اوپر پیسہ لگایا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق اس سوال پر ہر گھنٹے پیسہ لگ رہا ہے اور ڈیلیوری ہونے سے کے ایک گھنٹے پہلے تک پیسہ لگتا رہے گا۔ ابھی ڈیلیوری میں بہت وقت ہے لیکن اس کی تاریخ پر بھی بڑے پیمانے پر سٹہ لگنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سٹہ مافیا نے ایشوریہ کی ڈاکٹرز سے خفیہ رابطے کی کوششیں شروع کردی ہیں تاکہ وہ ایشوریہ کے یہاں ہونے والی اولاد کی جنس کا پتہ چلا سکیں۔
ادھر ایشوریہ کے ماں بننے کی خبر سے ان فلمسازوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں جن میں ایشوریہ رائے کام کررہی تھیں ۔ایشوریہ نے ان فلموں میں کام روک دیا ہے ۔ فلمسازوں نے اس خبر کے سبب خود کو ہونے والے نقصان کی جمع تفریق شروع کردی ہے۔
بالی ووڈ مبصرین کا کہنا ہے کہ فلمسازوں کو مجموعی طور پر 48کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ ایشوریہ کی دو فلمیں زیر تکمیل ہیں ۔ ان میں سے ایک ہیروئن ہے جس کے ڈائریکٹر مدھربھنڈارکر ہیں جس کا بجٹ 18کروڑ روپے ہے جبکہ دوسری فلم راج کمار سنتوشی کی" لیڈیز اینڈ جنٹلمین "ہے جس کا بجٹ 30کروڑ روپے ہے۔ یوں فلمسازوں کو جو نقصان ہوگا اس کی مجموعی رقم 48کروڑ روپے بنتی ہے۔