بالی ووڈ فلموں کی ملکہ حسن ایشوریہ رائے بچن ماں بننے والی ہیں اور اس بات کا اعلان خود ان کے سسر امیتابھ بچن نے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر پر کیا ۔ ایشوریہ اور ابھیشیک بچن کی شادی اپریل 2007ء میں ہوئی تھی یوں چار سال بعد بچن خاندان کے گلشن میں نیا پھول کھلنے کی خبر پر بگ بی بہت خوش ہیں اور اس خوشی کا اظہار بھی انہوں نے ویب سائٹ پر واضح الفاظ میں کیا ہے۔ انگنت چاہنے والوں کے دلوں کی دھڑکن کہی جانے والی ایشوریہ بھی اس خبر پر پھولے نہیں سمارہیں۔
1997ء میں علاقائی فلموں سے اپنا کیرئیر شروع کرنے والی ایشوریہ رائے اب تک 43 فلموں میں اپنی اداکاری کا جادوجکا چکی ہیں تاہم ان کی اصل شہرت کا آغاز 1999ء میں ریلیز ہونے والی فلم " ہم دل دے چکے صنم"سے ہوا جبکہ "تال، "جوش"،"محبتیں" اور "دیوداس "ان کی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہیں ۔
ابھیشیک بچن سے2007ء میں پہلے ان کی منگنی ہوئی اوربعد میں یعنی 20 اپریل 2007ء کووہ شادی کے رشتے میں بندھ گئیں ۔ تاہم شادی سے قبل ان کی سلمان خان کے ساتھ فلمی جوڑی بنی ۔سلمان سے پہلے شاہ رخ خان کا نام بھی ان کے ساتھ جڑا۔ شاہ رخ کے ساتھ ان کی فلم دیواس بے پناہ کامیاب رہی۔
سنجے لیلا بنسالی کی فلم "دیوداس" کی شاندار کامیابی کا سہرا تین چیزوں کے سر باندھا جاتا ہے۔ منجھے ہوئے فنکاروں کی لازوال اداکاری، ناقابل فراموش ڈائیلاگ اور ان سب سے بڑھ کر 'شاہ رخ خان اور ایشوریہ کا اسکرین پر ایک دوسرے کو ٹوٹ کرچاہا جانا '۔فلم کے رومانوی مناظر نے وہ شہرت پائی کہ لوگ آج تک اس جوڑی کو نہیں بھولے۔
کئی برس بیت گئے مگر دونوں فنکاروں کی اسکرین کیمسٹری آج بھی دلوں کو گدگداجاتی ہے۔ سجنے لیلا بنسالی نے اسی کیمسٹری کو ایک مرتبہ پھر اپنی نئی فلم " سوادیس " کے سیکوئیل میں پکچرائز کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یوں بھی فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اس جوڑی نے" دیوداس" کے بعدکبھی ایک ساتھ کام نہیں کیا۔فلم بینوں کے لئے بھی یہ نئی دلکشی ہوگی کہ وہ کامیاب جوڑی کو ایک مرتبہ پھر اسکرین پر رومانوی مناظر میں دیکھ سکیں گے۔
سنجے لیلا بنسالی کی بھی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ وہ پھر سے ان دونوں فنکاروں کو لے کر فلم بنائیں اور باکس آفس پر نیا دھماکا کریں۔ اگرچہ اس دوران سنجے ایشوریہ کوہیروئن کی حیثیت سے فلم "گزارش" بناچکے ہیں لیکن" گزارش" جس بری طرح سے ناکام ہوئی اس کے بعد سنجے یہی بہتر سمجھتے ہیں کہ ایشوریہ کے ساتھ شاہ رخ کو ہی ہونا چاہئے۔
سنجے کی ایک اور فلم "سانوریہ" دو تین سال پہلے ریلیز ہوچکی ہے جس میں انہوں نے رنبیرکپور اور سونم کو لیڈنگ رول میں لیا تھا مگر "سانوریہ"کا ہیرو کامیاب اور فلم بری طرح ناکام ہوگئی لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ایشوریہ کے مقابلے میں رنبیر کوہیرو نہیں لیا جاسکتا۔