پاکستان میں ’چشم بدور‘ کا پریمیئر جمعرات کو ہوگا

فاروق شیخ کے بقول، ہندوستانی سینما کے 100 سال پورے ہونے والے ہیں۔ اس سارے عرصے میں فلمیں تکنیکی لحاظ سے تو کافی آگے نکل گئیں مگر فلمی کہانیوں میں سادگی اور معصومیت کا عنصر ختم ہوگیا ہے
سنہ 1981ء میں فاروق شیخ اور دپتی نول کی مزاحیہ اداکاری سے سجی سپرہٹ فلم ’چشم بدور‘ کے اسی نام سے بننے والے ری میک کاپریمیئرجمعرات کو پاکستان کے تین شہروں میں ہوگا۔ ڈیوڈ دھون کی ڈائرکشن میں بننے والی ’چشم بدور‘ میں مرکزی کردار نبھائیں ہیں علی ظفر اور تاپسی پنوں نے۔

کراچی کے ایٹریم سینما میں ہونے والے ’چشم بدور‘ کے پریمیئر میں نامور اداکاروں اور گلیمر ورلڈ کی مشہور ہستیاں شرکت کریں گی۔ لاہور اور اسلام آباد میں منقعد ہونے والے پریمئیر کی رونق میں بھی چار چاند لگانے شوبز کے حسین چہرے اور ٹیلنڈڈ اسٹارز پہنچیں گے۔

’چشم بدور‘ کے ہیرو علی ظفر جو فلم کی کامیابی کے بارے میں بہت پرامید اور ایکسائیڈڈ ہیں، انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ جتنا انجوائے انہوں نے فلم میں کام کرکے کیا اتنا ہی انجوائے شائقین فلم دیکھ کر کریں گے۔

اُن کا مزید کہنا ہے ’مجھے فلم میں کام کرکے مزہ آیا۔ میری خواہش ہوتی ہے کہ اپنے کام کو بہتر انداز میں پیش کروں۔ ہندوستان میں میرے کام کو پسند کیاجاتا ہے۔ امید ہے کہ آئندہ بھی ہندوستان اورپاکستان کے عوام میرے کام کو سراہیں گے‘۔


ماضی کی ’چشم بدور‘ کے ہیرو فاروق شیخ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ تکنیکی طور پر تو بھارتی فلم انڈسٹری نے بہت ترقی کرلی ہے۔ لیکن، اخلاقی طور پر ہم پیچھے چلے گئے ہیں۔

وہ مزید کہتے ہیں’ہندوستانی سینما کے سو سال پورے ہونے والے ہیں۔ اس سارے عرصے میں فلمیں تکنیکی لحاظ سے تو کافی آگے نکل گئی ہیں مگر فلمی کہانیوں میں سادگی اورمعصومیت کا جو عنصر تھا وہ ختم ہوگیا۔ یہی وہ چیز تھی جس نے اسی کی دہائی تک بننے والی بہت سی فلموں کو کلاسک کا درجہ دلایا اور جنھیں لوگ آج بھی بہت شوق اور دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔


چشم بدور‘ میں فاروق شیخ کی کو اسٹار دپتی نول نے بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ’ٹائمز آف انڈیا‘ سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ماضی میں فلموں کی جانچ سلور جوبلی اور گولڈن جوبلی کے پیمانے سے ہوتی تھی، جبکہ آج کل کی فلموں کی کامیابی کا پیمانہ دولت ہے یعنی کس فلم نے کتنے پیسے کمائے۔

منتخب فلموں میں کام کرکے بھی سپر ہٹ ہیروئن کا تاج سر پرسجانے والی دپتی نے یہ بھی کہا کہ انہیں پرانی فلموں سے عشق ہے۔

مجھے پرانی بلیک اینڈ وائٹ فلمیں دیکھنا اور پرانے گانے سننا بہت اچھا لگتا ہے۔ میرا بس چلتا تو بمل رائے، کے آصف اور گرو دت کے زمانے میں پیدا ہوتی اور ان کے ساتھ کام کرتی‘۔

دپتی نے چشم بدور کے ری میک کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔