یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم (او ایس سی ای) نے حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کریں جو کہ فی زمانہ غلامی کی ایک شکل ہے۔
یہ مطالبہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یورپی یونین کے ممبران منگل کو انسداد انسانی اسمگلنگ کا دن منا رہے ہیں۔
تنظیم کی ترجمان ماریا گرازیا جیامارینارو نے انسانی اسمگلنگ کو ’’جدید دنیا میں ناقابل برداشت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہذب معاشرے میں اس کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
تنظیم کے مطابق انسانی اسمگلنگ صرف یورپی یونین کا ہی مسئلہ نہیں کیونکہ اکثرمتاثرین کو جرائم پیشہ گروہ دوسرے خطوں سے یورپ میں غیر قانونی طور پر منتقل کرتے ہیں۔
انسداد انسانی اسمگلنگ کے دن کے حوالے سے یورپ کے کئی ممالک میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ امیگریشن اور محنت سے متعلق پالیسیوں پر مستقل اور موثر عمل درآمد کیا جائے گا۔