یورپی یونین غزہ کے لیےمصر کے راستےفضائی راہداری کا آغاز کرے گی

غزہ میں فلسطینی بچے بمباری میں تباہ ھونے والے ایک گھر سے جھانک رہے ہیں فوٹو اے پی 14 اکتوبر 2023

یورپی کمیشن کی صدر، ارسلا وان ڈیر لین نے پیر کو کہاہے کہ یورپی یونین متوقع طور پر اس ہفتے پہلی پروازوں کے ساتھ مصر کے راستے غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فضائی راہداری کا آغاز کرے گی۔

یہ بات وان ڈیر لین نے16 اکتوبر کو البانیہ کے شہر ترانہ میں بلقان کے ایک سربراہی اجلاس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہی۔

یورپی کمیشن کی صدرنے کہا کہ "غزہ میں فلسطینیوں کو مدد اورانسانی ہمدردی کی امداد کی ضرورت ہے۔ اسی لیے ہم مصر کے راستے غزہ کے لیے یورپی یونین سے انسانی ہمدردی کی امداد کے لیے ایک فضائی رابطہ شروع کر رہے ہیں۔ پہلی دو پروازیں اس ہفتے شروع ہوں گی،"

وان ڈیر لین ا لبانیا کےدارالحکومت ترانہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں۔

اس سے قبل پیر کو مصر اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے انسانی امداد کی ترسیل اور بمباری کی شکار غزہ کی پٹی سے ایک ایسے وقت میں غیر ملکی شہریوں کے باہر نکلنے پر زور دیا تھاجب اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ دسویں دن میں داخل ہو چکی ہے۔

اسرائیل، غزہ میں حماس کے عسکریت پسندوں کی جانب سے 7 اکتوبر کو ملک پرایک غیر معمولی حملہ کرنے کے بعد سے اس تنظیم کے ساتھ جنگ میں ہے جس میں اس کے مسلح جنگجوؤں نے ایک حیرت انگیز حملے میں لوگوں کو فائرنگ اور چاقو سے وار کرکے ہلاک کیا۔

Your browser doesn’t support HTML5

امریکہ: اسرائیل اور فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں

اس حملے اور اس کے بعد کی لڑائی میں اسرائیل میں 1400 سے زیادہ افراد ہلاک ہو ئےہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

اسرائیل نے حماس کو تباہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور اسکے حملے کا جواب غزہ پر انتہائی بھاری بمباری کی مسلسل جاری مہم کے ساتھ دیاہے جس میں کم از کم 2 ہزار ، 750 فلسطینی شہری ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 600 سے زیادہ بچے شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق ان ہلاکتوں کے علاوہ ،غزہ کے اندر دس لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

Your browser doesn’t support HTML5

فلسطینیوں کو امید کہ رفح کراسنگ کھل جائے

وان ڈیر لین نے کہا کہ "حماس کی دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا۔"

انہوں نے کہا کہ "اس بر بریت کے بعد اسرائیل کو انسانی اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع کا حق حاصل ہے،" تاہم انہوں نے زور دیا کہ "حماس کی بربریت کی قیمت " غزہ میں فلسطینی ادا نہیں کر سکتے"۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین غزہ کی پٹی کے لیے انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کو تین گنا بڑھا کر 75 ملین یورو (7 کروڑ 90 لاکھ ڈالر) کر رہی ہے۔

(اے ایف پی)