پولیس نے یورپ کے مختلف شہروں میں چھاپے مار کرانتہا پسند تنظیموں کے لئے کام کرنے اور لوگوں کو عراق، افغانستان اور چیچنیا میں جہاد کی غرض سے بھرتی کرنے کے الزام میں 11 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
بیلجیم میں وزارت داخلہ کے ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ منگل کو حکام نے دارالحکومت برسلز میں 17گھروں پر چھاپے مارے۔ اسی روز اسی طرح کے چھاپے یورپ کے تین دوسرے شہروں میں بھی مارے گئے۔ ترجمان نے برسلز میں گرفتار کئے جانے والوں کی تعداد نہیں بتائی مگر یہ کہا کہ یہ افراد مبینہ طور پر جہادی سرگرمیوں کے لئے لوگوں کو بھرتی کرنے میں ملوث ہیں۔
یہ گرفتاریاں بیلجیم کے ساحلی شہر اینٹورپ ، جرمنی اور ہالینڈ میں عمل میں آئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ افراد میں سے کچھ انصار المجاہدین نامی ویب سائٹ استعمال کرتے ہوئے بیلجیم میں دہشت گرد حملوں کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ کچھ اور مبینہ طور پر چیچنیا میں جہادی سرگرمیوں کے لئے لوگوں کو بھرتی کرنے میں مصروف تھے۔
گرفتار شدہ افراد کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ مراکش، بیلجیم، ہالینڈ اور روسی شہری ہیں۔ ہالینڈ کے تین شہریوں کو ملک کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم سے گرفتا ر کیا گیا ہے اور ان کی عمریں 26,25 اور 28سال بتائی جاتی ہیں۔ بیلجیم نے ان تینوں کی حوالگی کے لئے ہالینڈ سے درخواست کی ہے ۔ان کے علاوہ ایک 31سالہ مشتبہ شخص کو جرمنی سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سات افراد کو اینٹورپ میں حراست میں لیا گیا ہے۔
یورپی حکام کا خیال ہے کہ دہشت گردوں کا ایک سیل اینٹورپ میں سرگرم ہے اور سیکیورٹی ادارے پچھلے ایک سال سے اس پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ خیال ہے کہ حال ہی میں اسپین، مراکش اور سعودی عرب میں ہونے والی گرفتاریاں اسی تفتیش کا حصہ ہیں۔