یورپی ممالک میں کرونا وبا کے باعث لگ بھگ چھ ماہ سے بند اسکول دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔ لیکن حکومتوں نے کرونا وائرس سے متعلق سخت ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل در آمد کرنے پر بھی زور دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق وبائی مرض میں اضافے کے باوجود اسکول کھولے جانے پر کئی اساتذہ اور والدین نے تشویش کا اظہار کیا ہے لیکن حکام نے اس کے باوجود اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا۔
فرانس میں 11 سال سے 18 سال تک کی عمر کے تمام طلبہ کو پابند کیا گیا ہے کہ کلاس رومز میں یا باہر ماسک لازمی پہنیں۔
اساتذہ اور عملے کے لیے بھی یہی شرط لازمی ہے جب کہ ہر فرد کو ایک دوسرے سے تقریباً چھ فٹ کی دوری برقرار رکھنا لازمی ہوگی اور وقفے وقفے سے بار بار ہاتھوں کو دھونا یا سینیٹائز بھی کرنا ہوگا۔
Your browser doesn’t support HTML5
بیلجیم میں بھی منگل سے اسکول کھل گئے ہیں جب کہ جرمنی میں اسکول گزشتہ ماہ ہی کھول دیے گئے تھے۔
یونان میں بھی کرونا وائرس کے باعث اسکولوں میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وہاں آئندہ پیر سے اسکول کھلیں گے اور ہر کلاس میں 25 بچوں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔
انگلینڈ اور ویلز میں چھ ماہ کی بندش کے بعد رواں ہفتے سے اسکول دوبارہ کھل رہے ہیں۔ 11 سے 18 سال کی عمر کے طلبہ اور اساتذہ کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اسپین میں حکومت نے چھ سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے ماسک پہننا، دن میں پانچ مرتبہ ہاتھ دھونا اور ایک دوسرے سے پانچ فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی قرار دیا ہے۔