حصولِ قرض کی صلاحیت پیما ایک اہم ایجنسی کی جانب سے سپین کی قرض لینے کی صلاحیت یا کریڈٹ کو ایک درجے نیچے گرا دینے کے ساتھ ہی بدھ کے روز یورپی کریڈٹ کا بحران سپین میں پہنچ گیا۔
سٹینڈرڈ اینڈ پُوور کے اس اقدام سے پہلے منگل کے روز پُرتگال اور یونان کے کریڈٹ کو پست کردینے کے نتیجے میں بازارِ حصص میں قیمتیں تیزی سے گِرنا شروع ہوگئى تھیں۔
کریڈٹ کی شرحوں میں تخفیف سے اس بارے میں بڑھتی ہوئى تشویش کی عکاسی ہوتی ہے کہ یہ ملک اپنے قرضوں کی رقوم واپس ادا نہیں کرسکیں گے۔اور اس کا مطلب یہ ہے کہ قرض فراہم کرنے والے اُن سے بلند تر شرح پر سُود وصول کریں گے۔
یہ بحران یونان میں سب سے زیادہ شدید ہے، جس نے یورو کرنسی اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ یا آئى ایم ایف استعمال کرنے والے دوسرے ملکوں سے امداد کی درخواست کی ہے۔
آئى ایم ایف کے سربراہ ڈومینیک سٹراس کان نے بدھ کے روز کہا ہے کہ یونان کی مدد کرنے میں ملکوں کی جانب سے ہر ایک دن کی تاخیر کے ساتھ صورتِ حال مزید بگڑتی جارہی ہے اور اس سے یورو کرنسی کے علاقے پر عالمی اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے۔