روسی مارکیٹ میں دھماکہ، کم از کم 15 ہلاک

ولادی کہکاز کی مارکٹ میں بم دھماکہ

روسی اہل کاروں نے بتایا ہے کہ شمالی قفقاز کے وِلادی کاہکاز شہر میں ہونے والے ایک خودکش کار بم دھماکے میں کم از کم 15افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔

اہل کاروں کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار نے کھلے میدان میں لگی مارکیٹ کی بھیڑ کے دوران اندر جانےوالے مرکزی راستے پر آتشیں مواد کو بھک سے اُڑا دیا۔

روسی ٹیلی ویژن نے، دوپہرمیں ہونے والے اِس دھماکے میں گزرگاہ پر لگے خون کے نشان اور ٹوٹی ہوئی کاروں کی قطاریں دکھائیں۔

فوری طور پر کسی نے اِس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ 1999ء میں اِسی مارکیٹ میں بم دھماکہ ہوا تھا جِس میں 50سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ولادی کہکاز، شمالی اوسیتیا کا دارالحکومت ہے۔ روس کے دیگر جنوبی ریپبلکز کے برعکس، جو مسلمان اکثریتی علاقے ہیں، شمالی اوسیتیا، زیادہ تر قدامت پسندعیسائیوں پر مشتمل ہے۔