فیس بک نئی میسجنگ سروس متعارف کرائے گی

مقبول سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ "فیس بک" کی جانب سے آن لائن پیغامات کی ترسیل کیلیے ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم اس مجوزہ پروگرام کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کی مقبولیت سے روایتی ای میل سروس کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔

"فیس بک"کے بانی مارک زوکربرگ نے پیر کے روز صحافیوں کو اپنی کمپنی کے نئے منصوبے کے بار ے میں بتایا کہ اس کا مقصد ای میل سروس فراہم کرنے والے دیگر اداروں سے مقابلہ کے بجائے استعمال کنندگان کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں پیغامات کی ترسیل کے تمام برقی ذرائع – ای میل، چیٹ اور ٹیکسٹ میسجز – کو یکجا کرکے ان کی ایک ہی سینٹرل "اِن باکس" میں فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

رپورٹس کے مطابق امریکہ میں بسنے والے بزرگ افراد کی اکثریت کیلیے ای میل اب بھی رابطے کا بنیادی ذریعہ ہے۔ جبکہ نوجوانوں کی اکثریت باہمی رابطوں کیلیے "ٹیکسٹ میسجنگ" پر زیادہ انحصار کرتی ہے۔

"فیس بک" کا کہنا ہے کہ 'مشترکہ اِن باکس' کے ذریعے استعمال کنندہ ایک ہی پلیٹ فارم سے اپنی مرضی کے کسی بھی فارمیٹ میں پیغام ارسال اور وصول کرسکے گا جبکہ کسی بھی ایک فرد کے ساتھ مختلف فارمیٹس میں ہونے والی تمام تر گفتگو کا ریکارڈ ایک ہی جگہ پر محفوظ کیا جاسکے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے پروگرام کو آئندہ چند ماہ میں تجرباتی استعمال کیلیے پیش کردیا جائےگا۔