آن لائن خط و کتابت اور تبصروں میں اگر آپ اب تک ہنسی مذاق کی عالمگیر علامت LOL کا استعمال کررہے ہیں،تو فیس بک کا یہ نیا مطالعہ شاید آپ کے لیے ہی ہے،جس کے مطابق فیس بک کے پوسٹ اور تبصروں میں ہنسی مذاق کے طور پر 'ایل او ایل' یعنی 'زور سے ہنسو' لکھنے کا رجحان پرانا اور غیر مقبول ہو گیا ہے۔
رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ فیس بک کے صارفین ہنسی کے اظہار کے لیے سب سے زیادہ 'haha' 'ہاہا' کا استعمال کرتے ہیں۔ اس کے بعد چھوٹی علامتی تصویریں 'ایموجیز' کو سب سے زیادہ فیس بک پوسٹ میں استعمال کیا جاتا ہے اور تیسری مقبول ہنسی کی علامت کے طور پر hehe' 'ہی ہی کا استعمال کیا جاتا ہے۔
سماجی روابط کی مقبول ویب سائٹ فیس بک نے' ای لافنگ' نامی مطالعے میں صارفین کے ہنسی کے اظہار پر نظر ڈالی ہے،جس کا نتیجہ بتاتا ہے کہ فیس بک کے صارفین نے اپنے مزاحیہ پوسٹ میں زور سے ہنسو کے علامتی مخفف ایل او ایل کو ' ہاہا' اور 'ایموجیز' سے تبدیل کردیا ہے، اور اب صرف 1.9 فیصد صارفین اپنے خط و وکتابت میں ایل او ایل کا استعمال کرتے ہیں۔
ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ فیس بک پر مزاحیہ پوسٹ اور تبصروں کے ساتھ سب سے زیادہ ہاہا لکھا جاتا ہے اور تازہ اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ فیس بک کے صارفین کے 51.4 فیصد پوسٹ ہاہا کی خصوصیت کے ساتھ ظاہر ہوئے ہیں۔
فیس بک کے صارفین میں ہنسی مذاق کی دوسری مقبول علامت ایموجیز ہیں ،جو فیس بک کے 33 فیصد پوسٹ میں استعمال کی جاتی ہیں ،جبکہ اس کے بعد 'ہی ہی' کا نمبر آتا ہے جسے 13 فیصد پوسٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔
فیس بک نے مئی کے آخری ہفتے میں سوشل میڈیا کے امریکی صارفین کے فیس بک پوسٹ کا تجزیہ کرنےکا فیصلہ کیا تھا ،جس کے نتائج اب شائع ہوئے ہیں۔
نتائج کے مطابق ،آپ آن لائن کس طرح ہنسنا چاہتے ہیں، اس میں صنف ،عمر اور جگہ کے حوالے سے اختلاف ظاہر ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ فیس بک کے ابتدائی صارفین کی طرف سے زور سے ہنسو کی علامت کو استعمال کیا جاتا ہے،جبکہ نوجوان صارفین میں ہنسی مذاق کے لیے ایموجیز کی علامت کا انتخاب کرنے کا رجحان پایا جاتا ہے ۔
مطالعے میں مرد اور خواتین میں مزاحیہ خط وکتابت کے لیے ہنسی کا اظہار مختلف پایا گیا ہے۔
مرد زیادہ تر اپنے پوسٹ میں ہاہا کا استعمال کرنا پسند کرتے ہیں، جبکہ خواتین اپنے خطوط میں عام طور پر ایموجیز کو ترجیح دیتی ہیں۔
فیس بک کے گراف سے پتا چلا کہ آن لائن ہنسی مذاق کے اظہار میں جگہ کا بھی اہم کردار ہے۔
ماہرین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ امریکہ کی مغربی ریاستوں کے لوگ عام طور پر فیس بک کے مزاحیہ پوسٹ کے لیے ہاہا کا استعمال کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن اس رجحان کے برعکس جنوبی ریاستوں کے فیس بک صارفین میں ایموجیز زیادہ مقبول ہیں۔
فیس بک نے آن لائن اشاعتوں کا تجزیہ کیا ہے اور ذاتی پیغامات میں ہنسی کے اظہار پر نظر نہیں ڈالی ہے۔