ایبولا سے متاثرہ پانچواں امریکی اسپتال میں داخل

نبراسکا میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹر علی خان اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے

وہ ’این بی سی نیوز‘ کی طرف سے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے لائبیریا گئے ہوئے تھے، جب گذشتہ ہفتے اُنھیں بتایا گیا کہ اُنھیں ایبولا کی بیماری لگ گئی ہے، اور ایک طبی امدادی طیارے کے ذریعے امریکہ واپس لایا گیا

ایک ’فری لانس فوٹو جرنلسٹ‘ جنھیں ایبولا وائرس کی بیماری لگ گئی ہے، طبی امداد کے لیے امریکہ واپس پہنچ گیا ہے۔


اشوکا مُکپو وہ پانچواں امریکی ہے، جنھیں ایبولا وائرس لاحق ہونے کی تشخیص کی گئی ہے۔

وہ ’این بی سی نیوز‘ کی طرف سے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے لائبیریا گئے ہوئے تھے، جب گذشتہ ہفتے اُنھیں بتایا گیا کہ اُنھیں ایبولا کی بیماری لگ گئی ہے، اور ایک طبی امدادی طیارے کے ذریعے امریکہ واپس لایا گیا۔

اشوکا کو نبراسکا کے میڈیکل سینٹر کے مخصوص علیحدہ یونٹ میں داخل کرا دیا گیا ہے، جو امریکہ میں موجود ایسی طبی تنصیبات میں سب سے بڑا مرکز ہے۔

ایک اور امریکی، ڈاکٹر رِک سکرا، جنھیں بھی لائبیریا ہی میں ایبولا نے متاثر کیا،۔ اُنھیں گذشتہ ماہ نبراسکا میں واقع طبی امداد کی اسی خصوصی تنصیب میں داخل کیا گیا تھا۔
ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ٹھومس ایرک ڈنکن داخل ہیں جنھیں بھی لائبیریا سے امریکہ واپس لایا گیا ہے۔ اتوار کے دِن موصولہ اطلاع کے مطابق، اُن کی صحت تشویش ناک ہے۔ اُنھیں 28 ستمبر کو اسپتال داخل کرا دیا گیا تھا۔

ایبولا کا مرض گذشتہ برس نمودار ہوا، اور اب تک مغربی افریقہ میں تقریباً 3500 جانیں لے چکا ہے۔ گِنی، لائبیریا اور سیئرا لیون شدید متاثرہ ملکوں میں شامل ہیں۔