سری لنکا نے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 165 رن سے ہرادیا ہے۔
پاکستان یہ سیریز پہلے ہی 2-3 سے جیت چکا ہے۔
اتوار کو ہمبنٹوٹا میں ہونے والے میچ میں سری لنکا نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کے لیے 369 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جواباً پوری قومی ٹیم 2ء37 اوورز میں 203 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے کوئی بلے باز نصف سینچری بھی اسکور نہ کرسکا۔
محمد حفیظ 37 رن کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اظہر علی نے 35 رن بنائے۔سری لنکا کی جانب سے سینا نائکے نے تین، اور پریرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 368 رنز بنائے۔
ابتدائی بلے باز پریرا نے حریف باؤلروں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور چار چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے شاندار 116 رنز بنائے۔ ان کے ساتھ موجود دلشان بھی 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پہلی وکٹ 162 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب دلشان رن آؤٹ ہوئے اور پاکستان کے حصے میں دوسری وکٹ بھی رن آؤٹ کی صورت میں ہی آئی جو پریرا کی تھی۔
212 پر دو وکٹیں گنوانے کے بعد سری لنکا کے تیسرے کھلاڑی تھریمانے بھی جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے 30 رنز بنائے۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چندی مل تھے جو صرف 29 رنز بنا سکے۔
اس کے بعد کپتان میتھیوز اور سری وردانا نے جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے پاکستان کے لیے ایک مشکل ہدف متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
دونوں نے بالترتیب 70 اور 52 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے راحت نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایک روزہ میچوں کی سیریز کی تکمیل کے بعد اب دونوں ٹیمیں کولمبو میں دو ٹی20 میچ کھیلیں گی۔ پہلا میچ 30 جولائی جب کہ دوسرا یکم اگست کو ہوگا۔