سنیچر کی شب ممبئی شہر کے اندھیری علاقے میں واقع یش راج سٹوڈیو میں منعقد 55ویں فلم فیئر ایوارڈ میں ’تھری ایڈیئٹس‘ اور ’دیو ڈی‘ اِن دونوں فلموں کا جادو چھایا رہا۔ عامر خان کی فلم تھری ایڈیئٹس کو بہترین فلم، کہانی، اسکرین پلے، مکالمے، ہدایت کاری اور معاون اداکار کے لیے فلم فیئر کی چھ ٹرافیوں سے نوازا گیا۔
بالی وڈ میں ذہین فلم ساز کہ شناخت رکھنے والے انوراگ کشپ کی ہٹ فلم دیو ڈی کے حصے میں بھی فلم فیئر کے چھ ایوارڈز آئے۔
بچن خاندان نے بھلے ہی فلم فیئر ایوارڈز کا بائیکاٹ کیا ہو، تاہم بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ کو فلم ’پا’ میں تیرہ سالہ بیمار بچے کی حیرت انگیز اداکاری کے لیے بہترین اداکار کا خطاب دیا گیا جب کہ اِسی فلم میں امیتابھ کی والدہ کا کردار کرنے کے لیے ودیا بالن کو بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔
بومن ایرانی کو فلم تھری ایڈیئٹس کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ملا جب کہ معاون اداکارہ کی ٹرافی فلم دیو ڈی میں اپنی جان دار پرفارمنس سے سب کا دل جیتنے والی کالکی کی جھولی میں آئی۔
فلم راکٹ سنگھ اور ’وَیک اپ سدھ‘ کے ذریعے نوجوان دلوں کی دھڑکن بنے اداکار رنبیر کپور کو ناقدین کے زمرے کا بہترین اداکار اور فلم دیو ڈی کی ہیروئن ماہی گل کو بہترین اداکارہ کا ناقدین ایوارڈ دیا گیا۔
فلم فراق کی ہدایت کار نندیتا داس کو بطور ہدایت کار اپنی پہلی فلم کے لیے بہترین ہدایت کار کا ناقدین ایوارڈ ملا۔ اس کے علاوہ فلم فراق کو بہترین ملبوسات اور بہترین ایڈیٹنگ کے لیے بھی فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
’فلم دلی 6‘ میں سپرہٹ موسیقی کی تخلیق کے لیے آسکریافتہ موسیقار اے آر رحمٰن کو بہترین موسیقار کا ایوارڈ ملا، جب کہ فلم ’لو آج کل‘ کے نغمے ’آج دن چڑھیا’ کے خالق ارشاد کامل کو بہترین نغمہ نگار کا ایوارڈ دیا گیا۔
گلوکارہ ریکھا بھردواج کو ’گیندا پھول’ گانا اور کویتا سیھت کو ’ایک تارا’ نغمے کے لیے مشترکہ طور پر بہترین گلوکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا جب کہ موہت چوہان کو دلی 6 کے سپر ہٹ نغمہ مسا کلی کے لیے بہترین گلوکار کا خطاب دیا گیا۔
بیتے دور کے نامور موسیقار خیام اور اداکار ششی کپور کو فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز سے نوازا گیا۔ نوجوان فلم ساز زویا اختر کو فلم ’لک بائی چانس‘ اور فلم ساز ایان مکھرجی کو اپنی پہلی فلم ویک اپ سدھ کے لیے فلم فیئر کے سال کے بہترین ڈیبیو کا ایوارڈ ملا۔
فلم فیئر تقریب میں میزبانی کے فرائض کنگ خان شاہ رخ خان اور چھوٹے نواب سیف علی خان کی ہٹ جوڑی نے بخوبی نبھائے۔ بالی وڈ کی متعدد مشہور ہستیوں نے اسٹیج پر رقص کرکے فلم فیئر ایوارڈز کی تقریب کو مزید رنگین اور یادگار بنا دیا۔ شاہد کپور نے اپنےرقص کے ذریعے مائیکل جیکسن کو خراج عقیدت پیش کرنے کی کامیاب کوشش کی۔ بالی وڈ سٹار سلمان خان، شاہ رخ، کترینہ کیف، دیپیکا پڈوکونے اور کرینہ کپور نے بھی اسٹیج پر اپنے رقص سے محفل میں رنگ جمایا۔