کراچی: جیو ٹی وی کی گاڑی پر فائرنگ، انجینئر ہلاک

فائل

ڈی آئی جی ایسٹ، منیر شیخ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والے افراد کی تعداد تین تھی، جو موٹرسائیکل پر سوار تھے۔

کراچی میں نجی ٹی وی، ’جیو نیوز‘ کی ’ڈی ایس این جی‘ وین پر فائرنگ کے نتیجے میں ادارے کا ایک ملازم ہلاک جبکہ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ واقعہ منگل کو رات گئے بہادرآباد کے قریب پیش آیا۔

کراچی میں ’جیو نیوز‘ کے بیوروچیف، فہیم صدیقی کے مطابق، ’فائرنگ سے سیٹلائٹ انجینئر ارشد علی جعفری ہلاک ہو گئے، جبکہ ڈرائیور کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تاہم، وہ اسپتال میں تاحال زیر علاج ہے‘۔

جیو سے وابستہ ایک اور صحافی طلحٰہ ہاشمی کے مطابق، ارشد جعفری کو سات گولیاں لگیں، جن سے ان کے ہاتھ، پیٹ اور چہرے پر گہرے زخم آئے فائرنگ سے وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔ انھیں دو گولیاں لگیں، جبکہ گاڑی میں موجود دو دیگر افراد پوری طرح محفوظ رہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ، منیر شیخ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والے افراد کی تعداد تین تھی، جو موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ حملے کے وقت وین بہادر آباد کی ایک چورنگی پر کھڑی تھی۔

منیر شیخ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق، ’کوئی ایک گروہ ہے جو اس قسم کی وارداتیں کر رہا ہے‘۔ ان کے بقول، واقعے میں ملوث ملزمان کے راستے کا اندازہ لگا لیا گیا ہے۔

ادھر، وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے، جبکہ گورنر سندھ نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔