پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 163 جب کہ اسد شفیق 60 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں 109 رنز کی برتری بھی حاصل ہو گئی ہے۔
اوپنر شان مسعود اور بابر اعظم نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ شان مسعود سنچری کی فوری بعد آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور عابد علی نے کیا تھا۔ اننگز کے دوسرے ہی اوور میں پاکستان کا پہلا کھلاڑی آؤٹ ہو گیا جب عابد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔ دوسری وکٹ کپتان اظہر علی کی شکل میں گری جب وہ 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 233 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس کی آدھی ٹیم 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے محمد متھن نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے تھے۔ نجم الحسین نے 44 کپتان مومن الحق نے 30 محمود اللہ نے 25 جب کہ لٹن داس 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 53 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ محمد عباس اور حارث سہیل نے دو، دو جب کہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے جمعے کو ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم کی طرف سے تمیم اقبال اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا۔
بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور ابتدائی دو اوورز میں تمیم اقبال تین اور سیف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
دونوں کھلاڑیوں کو بالترتیب محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی۔
تیسری وکٹ پر کپتان مومن الحق اور نجم الحسن نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔ ٹیم کا مجموعی اسکور 63 تک پہنچا تو شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر مومن الحق وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان مومن الحق نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے بھی شامل تھے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم کپتان مومن الحق، تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین، محمد مٹھن، محمد اللہ، لٹن داس، تیج الاسلام، روبیل حسین، ابو جاوید اور عبادت حسین پر مشتمل ہے۔
اظہر علی کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کا دورۂ پاکستان تین مراحل میں ہے جس کا پہلا مرحلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز سے مکمل ہو چکا ہے۔ دوسرے مرحلے میں مہمان ٹیم راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔
بنگلہ دیش تیسرے مرحلے کے لیے پی ایس ایل کے بعد دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔