افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں سڑک میں نصب بم دھماکے سے کم ازکم پانچ عام شہری ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق ضلع شاہ ولی کوٹ میں منگل کو علی الصبح ایک گاری سڑک میں نصب بم سے ٹکرا گئی جس سے زوردار دھماکا ہوا۔
دھماکے کے نتیجے میں گاڑی پر سوار پانچ افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
تاحال اس واقعے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروپ نے تسلیم نہیں کی لیکن دیسی ساختہ بموں کو سڑک میں نصب کر کے سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانا عسکریت پسندوں کا معمول رہا ہے۔
قندھار طالبان کا مضبوط گڑھ مانا جاتا ہے جہاں گزشتہ کافی عرصے میں پرتشدد واقعات دیکھنے میں نہیں آئے تھے۔ لیکن تشدد کی حالیہ لہر نے اسے بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔
دریں اثناء جنوبی صوبہ ہلمند میں پولیس کے سربراہ نور آغا نے بتایا ہے کہ طالبان کا ایک اہم کمانڈر ملا منان پیر کو دیر گئے ہونے والی کارروائی میں مارا گیا ہے۔
ان کے بقول ضلع مرجاہ میں یہ کارروائی افغان سکیورٹی فورسز نے کی تھی۔
تاہم طالبان کے ایک ترجمان قاری یوسف احمدی نے منان کی موت کی خبروں کو مسترد کیا ہے۔