چترال: سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری

حالیہ بارشوں اور سیلاب سے چترال کے تین علاقوں وادی کیلاش، گرم چشمہ اور چترال بالا کا دیگر علاقوں سے زمین رابطہ منقطع ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ میں آفات سے نمٹنے کے ادارے ’پی ڈی ایم اے‘ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں دو لاکھ 85 ہزار افراد مقیم ہیں۔

حکام کے مطابق چترال میں تیس سے زائد پل بہہ گئے ہیں جب کہ بڑی تعداد میں گھروں اور کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پاکستانی فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں تک کھانے پینے کی اشیا اور دیگر سامان پہنچا جا رہا ہے ۔

کئی وادیوں سے زمینی راستے بدستور منقطع ہیں جس سے بیشتر علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔

سیلابی ریلوں کی وجہ سے اب تک درجنوں مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔

پاکستان کو مون سون کے موسم میں گزشتہ چند سال سے بدستور سیلابوں کا سامنا ہے۔