فٹ بال ورلڈ کپ میں ناک آؤٹ راؤنڈ میں گھانا نےامریکہ کو ایک کےمقابلے میں دو گول سےہرادیا اورکوارٹر فائنل کے لیے کوالی فائی کر لیا۔
ہفتےکو ریسٹن برگ میں کھیلے گئے میچ میں گھانا کے پرنس بوتنگ نے پانچویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلادی۔ یہ برتری تقریباً ایک گھنٹے تک قائم رہی۔ البتہ، کھیل کے باسٹھویں منٹ میں امریکہ کے سٹار ڈونووین نے ایک بار پھر پینلٹی کارنر سے بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے گول کردیا۔ ڈونووین امریکہ کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں اور اس ورلڈ کپ کے دوران بھی اُن کی کارکردگی قابل ِ دید رہی ہے۔
کھیل کے آخری لمحات میں امریکہ کی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا مگر 75ویں اور 80ویں منٹ میں گول کرنے کے دو دو موقعوں سے فائدہ نہ اُٹھا سکی۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کا سکور ایک ایک گول سے برابر تھا۔ اس موقعے پر 30منٹ کا اضافی وقت دیا گیا جس میں ابتدائی لمحات میں ہی گھانا کے آسامواہ گیان نے فیصلہ کُن گول کرتے ہوئے ٹیم کو دو ایک سے فتح دلادی۔ امریکی ٹیم آخری لمحات میں کئی بار مخالف کی ڈی قریب پہنچی مگر گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
اِس سے قبل کھیلے گئے میچ میں یوروگوائے نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالی فائی کرلیا۔
پہلے ہاف میں یوروگوائے نے ایک صفر سے برتری حاصل کر رکھی تھی جوسڑسٹھویں منٹ میں جنوبی کوریا نے برابر کردی۔ تاہم، کھیل کے 80ویں منٹ میں سواریز نے عمدہ گول کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلادی۔ پہلا گول بھی سواریز نے ہی کیا تھا۔
کھیل کے اختتام پر اپنے کلمات میں ڈونووین نے گھانا کے کھیل کی تعریف کی۔ اُنھوں نے کہا کہ اضافی وقت میں امریکی ٹیم کو گول کرنے کا موقع ملا جِس سے وہ استفادہ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
ڈونووین نے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے مجموعی طور پر ٹیم ورک اور جیت کی سچی لگن کا مظاہرہ کیا۔ اپنے کھیل کے بارے میں ایک سوال پر اُنھوں نے کہا کہ ملک اور ٹیم کے لیے اچھا کھیل پیش کرنے پر اُنھیں فخر ہے۔