پاکستانی قصبہ ہری پور کے سابق ناظم کو متحدہ عرب امارات میں قتل کردیا گیا ہے۔ مقتول افتخار احمد خان پر ایک مخالف سیاسی شخصیت کے قتل کا الزام تھا۔
یو اے ای پولیس کے مطابق واقعہ ہفتہ کے روز ریاست اجمان میں پیش آیا تھا جہاں افتخار احمد خان اپنی ذاتی تعمیراتی کمپنی چلا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے انہیں نزدیک سے پانچ گولیاں ماریں جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکے۔
افتخار احمد خان شمال مغربی پاکستانی قصبہ ہری پور کے سابق ناظم تھے اور انہیں 2008ء میں ایک مقامی صوبائی عہدیدار کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعدازاں انہیں ایک مقامی عدالت نے ضمانت پہ بری کردیا تھا جس کے بعد وہ عرب امارات آگئے تھے اور یہیں مقیم تھے۔
امارات کی پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی تحقیقات میں سیاسی رقابت اور انتقام کے پہلووں کو بھی مدِنظر رکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ افتخار احمد خان کے خاندان کے پاکستان میں مقیم کئی افراد کو بھی مبینہ طور پر مقتول صوبائی عہدیدار کے انتقام میں قتل کیا جاچکا ہے۔