جنوبی فرانس میں ایک جوہری تنصیب میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور کم از کم تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
فرانس کی ’اے ایس این‘ نیوکلیئر سیفٹی ایجنسی نے کہا ہے کہ دھماکا نِمس شہر میں مارکول جوہری تنصیب میں ایک بھٹی کے قریب ہوا۔ آگ بجھانے والے ادارے کے اہلکاروں نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقے کے گرد حفاظتی حصار قائم کر دیا گیا ہے۔
مارکول جوہری فضلے کو ٹھکانے لگانے کی ایک تنصیب ہے۔
اے ایس این کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ تابکاری کے اخراج کی فی الوقت کوئی علامت سامنے نہیں آئی ہے۔ اس واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکی ہیں۔