فرانس میں حکام کے مطابق دہشت گرد گروہوں سے رابطے کے شبہ میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ Brice Hortefeux نے جمعرات کے روز کہا کہ مشتبہ افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے تاہم اُنھوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
فرانس دہشت گردی کے حالیہ کئی ممکنہ حملوں کا ہدف بتایا جاتا ہے۔
فرانسیسی صدر نیکولا سارکوزی یورپ کے اُن تین رہنماؤں میں سے ایک ہیں جن کو رواں ہفتے یونان سے بھیجے گئے پارسل بموں سے نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
یونانی حکام نے یہ بم ترسیل سے قبل اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ یونانی پولیس کو اس سازش میں بائیں بازوں کے انتہاپسندوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
اکتوبر 26 کو نشر کی گئی ایک دھمکی میں القاعدہ کے رہنماء اوسامہ بن لادن نے فرانس کی جانب سے افغان جنگ کی حمایت اور ملک میں خواتین کے نقاب پہنے پر پابندی کے جواب میں فرانسیسی شہریوں کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی تھی۔