فرانسیسی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس تیسرے حملہ آور کی شناخت کر لی ہے جو 13 نومبر کو پیرس میں بتاکلاں کنسرٹ ہال پر حملے کے دوران ہلاک ہو گیا تھا۔
عہدیداروں نے بدھ کو بتایا کہ حملہ آور کا تعلق مشرقی فرانس کے سٹراسبرگ کے علاقے سے ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے 2013 میں نوجوانوں کے ایک گروپ کے ساتھ شام کا سفر کیا تھا۔ ا طلاعات کے مطابق ان میں سے کئی ایک کو 2014 میں فرانس واپسی پر حراست میں لے کر جیل میں بند کر دیا گیا تھا۔
مشتبہ شخص کا نام سرکاری طور پر ظاہر نہیں کیا گیا تاہم فرانسیسی میڈیا نے اس کی شناخت فواد محمد اغاد کے نام سے کی ہے اور اس کی عمر 23 سال بتائی جاتی ہے۔
دوسری طرف امریکی راک بینڈ 'ایگل آف ڈیتھ میٹل' منگل کو بتاکلاں کے کنسرٹ ہال دوبارہ واپس آیا اور انہوں نے اس کے باہر پھول رکھے جہاں ان کا مینجر نک الیگزینڈر بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل تھا۔
بتاکلاں پر ہوئے مہلک حملے میں 89 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد اس تھیٹر کو بند کر دیا گیا تھا۔