یوم آزادی صحافت، عالمی ادارے کی جانب سے افغانستان کو مبارکباد

تدامیچی یاماموتو

آزادی صحافت کے عالمی دِن کے موقعے پر اقوام متحدہ نے ذرائع ابلاغ کی آزادی کے ضمن میں حاصل کردہ پیش رفت پر، افغانستان کو مبارکباد دی ہے۔

’’ملک کی سب سے بڑی کامیابی‘‘ قرار دیتے ہوئے، اقوام متحدہ نے اِسے سراہا ہے۔

دِن کی مناسب سے اپنے بیان میں، عالمی ادارے کے سکریٹری جنرل کے افغانستان کے لیے نمائندہٴ خصوصی، تدامیچی یاماموتو نے کہا ہے کہ یہ دِن ہمیں اس بات کی یاددہانی کراتا ہے کہ افغانستان میں آزادی صحافت بیش بہا قیمت ادا کرکے حاصل کی گئی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ 30 اپریل کو سوچے سمجھے اور بے رحم حملوں کے نتیجے میں دس صحافیوں کی جان گئی۔

تدامیچی نے کہا کہ ’’اِن بہیمانہ حملوں پر ہم شدید دکھ اور افسوس کا اظہار ہی کر سکتے ہیں‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’اقوام متحدہ اِس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے حوالے سے افغانستان دنیا کا خطرناک ترین ملک ہے‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ عالمی ادارہ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ہمیں صحافیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے اور انصاف سے بچنے کے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

صحافتی تنظیموں کے اعلان کے مطابق، اس سال یوم آزادی صحافت کا موضوع ’اختیارات کو قابو میں رکھنا: میڈیا، انصاف اور قانون کی حکمرانی‘ ہے۔

اس حوالے سے، آزادی صحافت میں عدالت کے کردار کو اہم قرار دیا گیا ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ جب تک قوانین پر عمل درآمد نہیں ہوگا آزادی صحافت کو خطرات لاحق رہیں گے۔ اس کے لیے لازم ہے صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔